خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی، خودکش بمباروں سمیت31 دہشت گرد ہلاک
خیبر ایجنسی+ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن خیبر ون کے دوران سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی میں خودکش بمباروں سمیت 31 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ جیٹ طیاروں نے وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ ہلاک ہونے والوں میں کئی خودکش بمبار بھی شامل ہیں جبکہ خودکش بمبار تیار کرنے والا مرکز بھی تباہ ہو گیا۔ کارروائی میں دہشت گردوں کے چار ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے باڑہ میں دہشت گردوںسے رہ جانے والے بارودی مواد کو دھماکے سے اڑا کر ناکارہ بنا دیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق باڑہ کے نواحی اکاخیل کے علاقے مدا خیل میں دہشت گردوں نے تخریب کاری کی غرض سے 100 کلو بارودی مواد،دھماکو ںمیں استعمال ہونے والے ڈیٹونیٹر، بتی اور تین عدد بم کو ایک تہہ خانے میں چھپایا ہوا تھا جس کی اطلاع کسی نے سکیورٹی فورسز کو کر دی جس پر فورسز نے دھماکہ خیز مواد ناکارہ بنا دیا۔ ادھر تیراہ میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے توحید الاسلام تنظیم کا ایک رضا کار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ وادی تیراہ کے علاقہ نری بابا میں دہشت گردوں نے توحید الاسلام کے ایک مقامی پہاڑی مورچے پر اس وقت فائرنگ کر دی جب رضا کار اپنے کاموں میں مصروف تھے اور ان کی فائرنگ رینج میں آگئے۔