• news

دھند برقرار، بجلی اور گیس کی طویل بندش پر لوگ سراپا احتجاج

لاہور (خبر نگار+ نیوز رپورٹر+ نمائندگان+ ایجنسیاں) لاہور سمیت پنجاب کے اکثر علاقوں میں گذشتہ روز بھی دھند کا سلسلہ جاری رہا اور کئی شہروں میں حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی شدید دھند کے باعث لاہور ائر پورٹ پر رات کے وقت فلائٹ آپریشن بند رہا جبکہ گیس اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ بھی جاری رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق سردی کی شدت میں اضافے کے بعد لاہور میں گیس کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ لاہور کے ایک چوتھائی علاقوں میں گیس کی مکمل بندش کا سلسلہ ایک ماہ سے جاری ہے۔ جس میں اقبال ٹاؤن (گلشن بلاک)، نیلم بلاک، الحمد کالونی، مصری شاہ، یتیم خانہ، بند روڈ، سمن آباد، اچھرہ، شاہدرہ، جوہر ٹاؤن، ملتان روڈ، گڑھی شاہو، مغل پورہ، جلو موڑ، شاہ کمال، شادمان، اندرون لاہور، شفیع ٹاؤن، جوائے شاہ ساندہ، فیض باغ، کاچھو پورہ، عدنان پارک، ملتان روڈ سے ملحقہ اتفاق ٹاؤن، منصورہ، سید پورظ رانا ٹاؤن، عثمان پارک، حسیب پارک، گوشہ احباب، جمیل ٹاؤن اور گلشن پارک اور دیگر میں صارفین کو مسائل کا سامنا رہا۔ اس صورت حال میں ملتان روڈ سے ملحقہ علاقوں میں کئی روز سے مسلسل گیس کی مکمل بندش کے خلاف مذکورہ رہائشی علاقوں کے نمائندوں سمیت 200 لوگوں نے رہنما جماعت اسلامی میاں ظہور وٹو کے گھر منصورہ میں احتجاجی اجلاس کیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر 8 جنوری بروز جمعرات تک گیس کی فراہمی بحال نہ کی گئی تو خواتین بچوں سمیت سینکڑوں لوگوں کے ساتھ صبح دس بجے پوری ملتان روڈ بند کر دی جائے گی۔ مذکورہ علاقوں میں محکمہ سوئی گیس کی جانب سے شیڈول اوقات میں بھی گیس کی فراہمی نہ ہونے سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ دوسری جانب ایل پی جی قیمتیں بھی قابو سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔ ایل پی جی بعض علاقوں میں 150 روپے سے 170 روپے فی کلو میں دستیاب ہوتی رہی۔ علاوہ ازیں مختلف شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی اور دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ ننکانہ صاحب سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ننکانہ صاحب اور گرد ونواح میں جاری بجلی کے شیڈول کے مطابق ایک گھنٹہ بجلی آنے کے بعد مسلسل تین، تین گھنٹے بجلی بند ہوتی رہی۔ بھوئے آصل سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ رادھاکشن اور گردونواح میں واپڈ اکی طرف سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دروانیہ جاری ہے اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دروانیہ سولہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا جس کی وجہ سے تمام معمولات زندگی متاثر ہوئیں۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کے کم پریشر پر سول سوسائٹی سراپا احتجاج بن کر ڈی سی او آفس پہنچ گئی۔ علاوہ ازیں گذشتہ رات بھی شدید دھند کی وجہ سے لاہور ائر پورٹ بند کر دیا گیا جس کے بعد تمام پروازیں صبح 10 بجے سے رات 9 بجے کے درمیان اتریں اور روانہ ہوئیں۔ پروازوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے ائر پورٹ لاری اڈے کا منظر پیش کرنے لگا۔ علاوہ ازیں شہریوں کو دھند کی وجہ سے آمدورفت سمیت روزمرہ معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔ خوشاب سے نامہ نگار کے مطابق ضلع خوشاب کے تمام میدانی علاقے ایک دفعہ پھر شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب بھر میںآئندہ 24گھنٹوں میں ’’شدید دھند‘‘ رہے گی تاہم لاہور سمیت گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، ساہیوال، وہاڑی، جھنگ، ملتان، لودھراں، بہاولپور، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،ننکانہ صاحب، قصور، شیخوپورہ کے اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن