مدارس، کالجوں، یونیورسٹیوں کا نصاب عصری ضروریات کے مطابق تبدیل کیا جائے: طاہر القادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ مدارس، کالجز، یونیورسٹی کا نصاب عصری ضرورت کے مطابق تبدیل کیا جائے، غیر مسلموں کے حقوق، انسانیت سے محبت، عدم تشدد، دہشتگردی سے نفرت پر کوئی باب نصاب میں شامل نہیں، آرمی چیف اور پارلیمنٹ میں بیٹھی تمام جماعتوں سے مطالبہ ہے کہ نصاب کی تبدیلی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ لاہور میں عالمی میلاد کانفرنس کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق کانفرنس سے امیر تحریک فیض الرحمان درانی، خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر رحیق عباسی، علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ اعجاز حسین بہشتی، صاحبزادہ قمر سلطان، میر افضل، پیر سید نفیس الحسن شاہ، ممبر یورپی پارلیمنٹ امجد بشیر، بشپ اکرم مسیح گل، پنڈت بھگت لال نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نبی اکرمﷺ کی تعلیمات انسانیت سے پیار، عدم تشدد پر مبنی ہیں، بے گناہوں کی جانیں لینے والوں کا اسلام اور مصطفوی ؐ تعلیمات سے دور کا بھی واسطہ نہیں، جہاد اور فساد کے درمیان تمیز کرنے کا وقت آ گیا، اسلام نے جہاد بالنفس کو افضل قرار دیا، بے گناہوں کی جانیں لینے والے جہنم کا ایندھن بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون ریاستی دہشتگردی تھی جو ابھی تک جاری ہے، حکومتی جے آئی ٹی کا حصہ نہ بننے پر ہمیں بلیک میل کرنے کیلئے ہمارے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹائون کے خون پر کوئی سودے بازی نہیں ہو گی۔ اس خون کا حساب لیکر دم لیں گے، میں صحت یاب ہو کر جلد پاکستان میں اپنے عوام اور کارکنوں کے درمیان ہونگا۔