مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی پروگراموں کیلئے فنڈز جاری
اسلام آباد (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے رواں مالی سال میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی پروگراموں کیلئے مجموعی طور پر ایک کھرب 48 ارب 83 کروڑ 71 لاکھ 86 ہزار روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔
حکومت نے رواں مالی سال میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں کیلئے 5 کھرب 25 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں۔ پلاننگ کمیشن کے جاریکردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیلئے 21 ارب 69 کروڑ 88 لاکھ روپے، واپڈا، پاور سیکٹر کیلئے 10 ارب 20 کروڑ 47 لاکھ، سیفران، فاٹا کیلئے 7 ارب 18 کروڑ، نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈویژن کیلئے 20 ارب 38 کروڑ 80 لاکھ روپے، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کیلئے 23 ارب 73 کروڑ 57 لاکھ روپے، ریلویز ڈویژن کیلئے 18 ارب 31 کروڑ 64 لاکھ روپے، پانی و بجلی ڈویژن کے واٹر سیکٹر کیلئے 14 ارب 86 کروڑ 48 لاکھ روپے، فنانس ڈویژن کیلئے ایک ارب 88 کروڑ 18 لاکھ روپے، کیبنٹ ڈویژن کیلئے 1 ارب 94 کروڑ 87 لاکھ روپے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 7 ارب 83 کروڑ 23 لاکھ روپے، انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ڈویژن کیلئے 3 ارب 54 کروڑ 28 لاکھ روپے سمیت مختلف منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کردئیے ہیں۔