ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک بورڈ کو پلاٹ کی مبینہ طور پر غیرقانونی الاٹمنٹ، چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا
اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) نے سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ کو مبینہ طور پر غیرقانونی پلاٹ کی الاٹمنٹ کا نوٹس لے لیا۔ نیب کی جانب سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق چیئرمین نیب نے سیکرٹری جنید احمد کو متروکہ وقف املاک ہائوسنگ سکیم ننکانہ صاحب میں پلاٹ کی الاٹمنٹ کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔ چیئرمین نیب نے نیب لاہور کو اس معاملے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پلاٹ الاٹمنٹ کے پراسس کا جائزہ لیا جائے اور دیکھا جائے کہ پلاٹ الاٹمنٹ میں قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے یا نہیں۔ چیئرمین نیب نے نیب لاہور کو اس معاملے کی چھان بین کے بعد جلدازجلد رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔