• news

بلوچستان: 2 لیویز اہلکار شہید‘ فضائیہ کے ملازم سمیت 2 افراد کی نعشیں برآمد‘ فائرنگ سے 4 جاں بحق

حب + کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) آواران کی تحصیل جھائو میں لیویز کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے حملہ کرتے ہوئے فائرنگ کردی جس سے 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، قلعہ سیف اللہ میں فضائیہ کے ایک ملازم جبکہ کوئٹہ میں ایک شخص کی تشدد زدہ نعشیں ملی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حب میں آواران کی تحصیل جھائو میں لیویز کی گاڑی گشت پر تھی کہ نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔ واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور نعشوں کو آواران ہسپتال منتقل کردیا جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ادھر کوئٹہ کے علاقہ قمبرانی روڈ پر انگوروں کے باغ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجہ میں چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات  کے مطابق ہلاک افرد منشیات فروش بتائے جاتے ہیں۔ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا  تاہم ہلاک افراد کی اب تک شناخت نہیں ہو سکی جبکہ مسلح افراد فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ ادھر قلعہ سیف اللہ سے اغوا ہونے والے دو افراد کو اغواکاروں نے رہا کر دیا۔ قلعہ سیف اللہ سے اغوا ہونے والے10افراد میں سے2 کو اغواکاروں نے چھوڑ دیا۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں پولیس، فرنٹیئرکور اے ٹی ایف اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران غیرملکیوں سمیت 460 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ ایمونیشن برآمد کرکے 6 افراد کو تحقیقات کیلئے خفیہ مقام پر منتقل کردیا۔ گزشتہ شب کوئٹہ پولیس نے فرنٹیئر کور بلوچستان اے ٹی ایف سمیت سکیورٹی فورسز کے عملے کے ہمراہ کوئٹہ اور گردونواح میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر افراد سمیت جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کوئٹہ کے علاقے کلی رئیسانی، زہری ٹائون، گوہر آباد اور ہزارگنجی سمیت 30 ملحقہ علاقوں کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران مختلف جگہوں سے غیرملکیوں سمیت 460 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر ان کے قبضے سے 1 ایس ایم جی، 3 رائفلیں، 126 رائونڈ، 9 ایم ایم، ٹی ٹی اور 22 بورکے 5 پسٹل برآمد کرلئے۔ گرفتار افراد میں سے 6 افراد کو مزید تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستانی فضائیہ کے ملازم کی نعش بدھ کے روز افغانستان سے متصل قلعہ سیف  اللہ سے برآمد ہوئی ہے۔ ائرفورس کے ملازم کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔ ہلاکت کے بعد نعش گوال اسماعیل زئی کے علاقے میں پھینکی گئی تھی۔ مارا جانے والا ائر فورس کا اہلکار ان 10 مغویوں میں شامل تھا جنہیں کوئٹہ اور ژوب کے درمیان سفر کے دوران قلعہ سیف اللہ سے اغوا کیا گیا تھا۔ اہلکار نے بتایا کہ ہلاک کئے جانے والے ائرفورس کی جیب سے ایک پرچی ملی ہے جس کے مطابق اسے ہلاک کرنے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان نے قبول کی ہے۔ دوسری تشدد زدہ نعش کوئٹہ شہر کے اسپنی روڈ کے علاقے سے ملی۔ پولیس کے مطابق شکل و شباہت سے یہ کسی ازبک باشندے کی نعش معلوم ہوتی ہے جسے گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن