پٹواری کے ستائے کاشتکار کی وزیراعظم ہائوس کے سامنے خودسوزی کی کوشش
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) پٹواری کے ستائے ہوئے کاشتکار نے وزیراعظم ہائوس کے سامنے خود کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر کوشش ناکام بنا دی۔ اسے زخمی حالت میں پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ابتدائی طبی امداد کے بعد تھانہ سیکرٹریٹ میں منتقل کر دیا گیا۔ بہاولپور کے رہائشی فدا محمد نامی کاشتکار کا موقف تھا کہ پٹواری نے اس کے مخالفین سے باہمی ملی بھگت کرتے ہوئے اس کی کروڑوں روپے مالیت کی اراضی مخالفین کے نام منتقل کر دی ہے، اس سلسلے میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تمام متعلقہ افسران کو بھی آگاہ کیا لیکن کارروائی نہ ہوئی جس پر دلبرداشتہ ہو کر خود کو آگ لگا لی۔ دریں اثناء وزیر داخلہ نے وزیراعظم ہائوس کے سامنے خود سوزی کی کوشش پر متعلقہ تحقیقاتی اداروں سے رپورٹ طلب کرلی کہ آیا یہ شخص انتہائی حساس ترین علاقے میں کیسے پہنچا۔