جلد سرکاری سطح پر گلی، محلے میں کبڈی کھیلی جائے گی : شفیق چشتی
لاہور(نمائندہ سپورٹس)قومی کبڈی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب سرکاری سطح پر ہر گلی محلے میں کبڈی کھیلی جائیگی، کبڈی کو فروغ دینے کا سہرا ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کے سر ہے، صرف تین سالوں میں انہوں نے کبڈی کے کھیل کو پاکستان کا مقبول ترین کھیل بنا دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کبڈی ہمارا روایتی کھیل ہے، اس کے علاوہ کبڈی پنجاب کی پہچان ہے۔ وہ چاہے پاکستان کا پنجاب ہو یا بھارت کا، دونوں پنجاب میں کبڈی کے کھیل کو خصوصی اہمیت حاصل ہے مگر ہمارا روایتی کھیل دم توڑ رہا تھا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے تین سالوں میں اس پر خصوصی توجہ دی اور اسے دوبارہ زندہ کیا، کبڈی کے کھلاڑی ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے احسان مند ہیں کہ ان کی بدولت ہمارا کھیل دوبارہ فروغ پا رہا ہے اور اب بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے کھلاڑیوں کی مالی حالت بھی بہت بہتر ہورہی ہے اسی وجہ سے وہ وقت دور نہیں جب کبڈی سرکاری سطح پر ہر گلی محلہ میں کھیلی جائیگی۔شفیق چشتی نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے کبڈی کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں،2013میں ایک ماہ اور 2014ءمیں دو ماہ کیلئے کبڈی کے تربیتی کیمپ لگائے گئے جس میں درجنوں کھلاڑیوں نے حصہ لیا، ان تربیتی کیمپس کی بدولت کبڈی کے کھلاڑیوں کی بہترین کھیپ تیار ہوئی جس کا عملی مظاہرہ عوام نے کبڈی ورلڈ کپ میں بھی دیکھا۔ تربیتی کیمپس میں کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، کیمپس میں بہترین سہولتیں فراہم کی گئیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم نے کبڈی ورلڈکپ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ایک سوال کے جواب میں شفیق چشتی نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا۔کبڈی ورلڈ کپ سے قبل ہماری ٹیم نے ورلڈ کبڈی لیگ میں بھی حصہ لیا، ورلڈ کبڈی لیگ میں 8ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا جس میں ہماری کارکردگی بہتر رہی مگر غیرملکی ٹیموں سے کھیل کر ہمارے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا جس کا فائدہ ہمیں کبڈی ورلڈ کپ میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کبڈی کے فروغ کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، ان کی کاوشوں سے پاکستان کا نام بھی روشن ہورہا ہے، کبڈی کے تمام کھلاڑی ان کے بے حد ممنون ہیں کیونکہ انہوں نے کبڈی کے مردہ گھوڑے میں جان ڈال دی ہے امید ہے کہ مستقبل میں بھی سپورٹس بورڈ پنجاب کبڈی کے بڑے ایونٹس منعقد کرائے گا جس سے نئے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔