• news

پختون ایلیٹ کلاس کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں، تحریک طالبان نے نفسیاتی جنگ شروع کردی

لاہور (جواد آر اعوان/ نیشن رپورٹ) تحریک طالبان نے بندوق کے ذریعے اپنا نیٹ ورک چلانے میں ناکامی کے بعد خیبر پی کے اور فاٹا کی پختون آبادی کو نفسیاتی طور پر فوج اور پنجاب کیخلاف اٹھ کھڑا کرنے کیلئے نفسیاتی جنگ شروع کردی ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے ”دی نیشن“ کو بتایا سکیورٹی فورسز نے پاکستان افغانستان سرحد پر آڈیو سی ڈیز پر مشتمل ایسا مواد قبضے میں لیا ہے جس میں پختون قوم کو ایلیٹ کلاس کے خلاف بغاوت کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ اس پروپیگنڈا مہم میں پنجاب کے اشرافیہ طبقہ اور مسلح افواج کے خلاف خاص طور پر اکسایا جارہا ہے۔ ذرائع نے بتایا یہ آڈیو سی ڈیز خفیہ اداروں نے ڈیورنڈ لائن کے دونوں اطراف اپنے افراد کے نیٹ ورک کے ذریعے اطلاعات کے بعد قبضہ میں لیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے ان اطلاعات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا دہشت گردوں کی شکست خوردہ قیادت نے اب اپنی بقا کیلئے نفسیاتی ہتھیاروں کی حکمت عملی اپنالی ہے۔ تاہم اس کا یہ مکروہ پروپیگنڈا کامیاب نہیں ہوگا۔
نفسیاتی جنگ

ای پیپر-دی نیشن