• news

عمران کی شادی، بل دینا مثبت تبدیلی، جوڈیشل کمشن کا تحفہ دینگے: پرویز رشید، بندوق والوں سے نمٹیں گے، تقریر والوں کی باری بعد میں آئیگی

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ / صباح نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی شادی سے مثبت تبدیلی آئی ہے، تبدیلی کوخوش آمدید کہتا ہوں، شادی کے بعد بجلی کا بل دینا مثبت پیشرفت ہے، مزید تبدیلیاں آئیں گی، عمران خان کو جوڈیشل کمشن کی شکل میں شادی کا تحفہ دیا جائے گا۔ اپنے بیان اور ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ آئینی ترامیم امام کعبہ، امام مسجد نبوی، جامعہ الاظہر اور پاکستانی علما کے فتووں کی روشنی میں کی گئی ہیں۔ فوجی عدالتوں کا قانون محدود جرائم اور محدود وقت کے لیے مخصوص ہے۔ مذہب کے نام پر دہشت گردی ختم کرنے سے مذہب پر لگنے والے بے بنیاد اعتراضات کے خاتمہ کا موقع ملے گا۔ دہشت گردوں نے مذہب کا نام استعمال کر کے پوری دنیا میں مسلمانوں کی زندگیاں اجیرن بنا دیں۔ دہشت گردوں کی وجہ سے علما کو بھی بین الاقوامی ایئر پورٹس پر شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ یہ قانون ان دہشت گردوں سے نجات دلائے گا جو عبادت گاہوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ معاملات حامد کرزئی دور سے شروع تھے۔ تبدیلی کا عمل  16 دسمبر سے پہلے شروع ہوچکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی کیلئے تعاون کرنا ہے، ہم اکیلے نہیں رہ سکتے۔ یقین دلاتا ہوں کہ اب قدم واپس نہیں ہوں گے۔ پرویز رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات کو وزیراعلیٰ شہباز شریف کی ملاقات میں دور کردیا گیاہے ، شہباز شریف کی ملاقات کے بعد  وزیر اعظم  نواز شریف بھی ان سے ملاقات کرینگے کیونکہ سیاست میں کبھی دروازے بند نہیں ہوتے ،ملک میں 26ہزار مدارس ہیں جنہیں ہم سے چھین لیا گیا انہیں واپس لینگے، ملک کو نظریاتی بنیادوں پر اس کی شناخت دینگے ،افغانستان کے ساتھ معاملات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں جو دونوں ملکوں میں  دہشتگردی کے خاتمے کی نوید ہے ،لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز مارشل لاء  ایڈمنسٹریٹر سے زیادہ طاقتور نہیں اگر ان  کیخلاف کارروائی ہوسکتی ہے تو مولانا عبدالعزیز بھی کارروائی سے نہیں بچ پائینگے ، ہم بندوق والوں سے الجھ رہے ہیں فی الحال  ہم بندوق والوں سے ہی نمٹیں گے ، تقریر کرنے والوں سے نمٹنے کی باری بعد میں  آئیگی۔لال مسجد کے خطیب کی اہلیہ ام حسان کی جانب سے داعش کو پاکستان میں آنے کی دعوت دینے سے متعلق جواب وزارت داخلہ دیگی  اس حوالے سے وہ کیا کارروائی کررہے ہیں۔ پرویز رشید نے  نجی ٹی وی چینل پر دہشتگردوں، انتہا پسندوں اور  کالعدم تنظیموں کی کوریج پر ان چینلز کیخلاف کارروائی میں بے بسی کا  اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس اتنے اختیارات نہیں کہ ان ٹیلی ویژن کو بند کرسکوں۔

ای پیپر-دی نیشن