• news

ہالہ: دولت کیلئے چلہ‘ عامل کے کہنے پر 5 بچے گلا گھونٹ کر مار ڈالے

ہالہ (نامہ نگار+ اے ایف پی) مٹیاری سے متصل سندھ کے شہر ہالہ ٹائون میں ذہنی مریض شخص نے عامل کے کہنے پر دولت پانے کیلئے اپنے 5کمسن بچوں کو گلے دباکر مار ڈالا، ہالہ ٹائون حیدر آباد سے 50کلو میٹر دور واقع ہے جہاں کے گائوں سعید خان لغاری میں 50سالہ ملزم علی نواز لغاری کا اپنی بیوی سے غربت، تنگدستی کے باعث اکثر جھگڑا رہتا۔ دولت پانے کیلئے ملزم ایک عامل کے ہتھے چڑھ گیا اور چلہ بھی کاٹنے لگا۔ بتایا گیا ہے چند  روز قبل ملزم نے اپنی بیوی کو گھر سے نکال دیا تھا۔ گزشتہ رات بچے گہری نیند سو رہے تھے کہ ملزم نے باری باری اپنے بچوں کو گلے دباکر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ان میں 13سالہ جند، 10سالہ مختار، 7سالہ غلام شبیر، 5سالہ سمیرا اور 3سالہ ردا شامل ہیں ایک بیٹا گھر میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے بچ گیا۔ واردات کے بعد ملزم علی نواز فرار ہو گیا۔ بچوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہالہ ہسپتال بھجوا دیا گیا، ملزم علی نواز کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ علی نواز کالا جادو سیکھ رہا تھا اور اکثر چلے کاٹتا تھا اور اسکا ذہنی توازن ٹھیک نہ تھا جبکہ علی نواز کے بچ جانیوالے بیٹے صابر لغاری نے بتایا کہ اسکے باپ کو مقامی عامل نے کہا تھا کہ اگر دولت پانی ہے تو چلہ کاٹو اور اپنے بچے مار دو۔ پولیس افسر قمر الدین رحیمو نے اے ایف پی کو بتایا کہ ملزم علی نواز کسی پیر کے چکر میں سونا بنانے کیلئے چلہ کاٹ رہا تھا وہ کالاجادو بھی سیکھ رہا تھا اس نے چند روز قبل اپنے گھر والوں کو زہر کھانے میں ملا کر دینے کی بھی کوشش کی تھی مگر اسکی بیوی نے دیکھ لیا تھا جس پر دونوں میں شدید جھگڑا ہوا اور علی نواز نے بڑے بیٹے سمیت بیوی کو گھر سے نکال دیا اور گزشتہ روز باری باری رسی گلوں میں ڈال کر اپنے بچوں کا دم گھونٹ دیا۔ واقعہ کا علم ہوتے ہی بچوں کی ماں سبھاگی مائی اور رشتہ دار خواتین دھاڑیں مارتی ہوئی باہر نکل آئیں۔

ای پیپر-دی نیشن