خیبر پی کے نے پہلے عمران کو حکومت اب دلہن دی: حاجی عدیل
اسلام آباد (اے پی پی) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر حاجی عدیل نے کہا ہے کہ اکیسویں آئینی ترمیم جمہوری طریقہ سے ہوئی، 18 ویں آئینی ترمیم کیلئے 78 میٹنگ ہوئیں۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے اکیسویں آئینی ترمیمی بل جمہوری طریقہ سے دونوں ایوانوں نے منظور کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو دینی جماعتوں کے اعتراضات کو دور کرنا چاہئے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو دوسری شادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ صوبہ خیبرپی کے کے عوام نے پہلے عمران کو حکومت اور اب دلہن دی ہے لیکن بدلہ میں عمران خان نے صوبے کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا توقع ہے کہ عمران خان میں غیر سنجیدگی شادی کے بعد ختم ہو جائے گی۔