اتحادیوں کا بھی ٹف ٹائم دینا شروع‘ حکومت کو سبکی کا سامنا
اسلام آباد (سجاد ترین/ خبرنگار خصوصی) انتخابات میں دھاندلی کے خلاف ہونے والے دھرنے ختم ہونے کے باوجود حکومتی مشکلات میں کمی نہیں آرہی ہے اب حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں نے حکومت کو ٹف ٹائم دینا شروع کر دیا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات کے بعد حکومتی اتحاد میں شامل اہم جماعت جے یو آئی (ف) نے نہ صرف ایوان سے واک آؤٹ کردیا بلکہ کورم کی بھی نشاندہی کردی پھر حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، حکمران جماعت کے اراکین اور وزراء نے ایوان میں آنا چھوڑ دیا ہے جس سے حکومت کو مسلسل سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ایوان میں دوتہائی اکثریت رکھنے والی جماعت کے لئے کورم پورا کرنا بھی کوہ ہمالیہ کو سر کرنے کے برابر مسئلہ بن گیا ہے۔پارلیمانی امور کے وزیر آفتاب شیخ کورم کی نشاندہی ہونے کے بعد انتہائی پریشانی کے عالم میں اراکین کی مطلوبہ تعداد پورا کرنے کے لئے سرگرم ہو جاتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے اراکین مختلف لابیوں میں کھڑے رہتے ہیں مگر ایوان کے اندر نہیں آتے اور ایوان میں کورم پورا نہیں ہوتا ایک جانب حکمران جماعت کے اراکین ایوان میں نہیں آئے دوسری جانب وزراء بھی ایوان میں آنا پسند نہیں کرتے ہیں جب دھرنا والے پارلیمان کے باہر احتجاج کررہے تھے اور پارلیمنٹ کے اندر ایوان کا مشترکہ اجلاس ہو رہا تھا تو سینٹ میں اپوزیشن لیڈر چودھری اعتزاز احسن نے کہا تھا یہ مشکل وقت ختم ہونے کے باوجود وزراء کے روئیے پھر تبدیل ہو جائیں گے اب بالکل ایسا ہی ہو رہا ہے۔ وزراء ایوان میں نہیں آتے اراکین اپنی حکومت سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں جمعہ کو ایجنڈے پر انتہائی اہم ایٹم موجود تھے مگر کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے وقفہ سوالات کے بعد ایجنڈے پر کارروائی نہ ہو سکی پاکستان کے غریبوں کے نمائندے جب ایوان میں آنا چھوڑ دیں اور ایوان میں کارروائی ایجنڈے کے مطابق نہ ہو تو اسکی ذمہ داری منتخب اراکین پر ہی عائد ہوتی ہے۔ پیپلز پارٹی ایوان کے اندر اور باہر فرینڈلی اپوزیشن کاکردار ادا کررہی ہے جب کورم کی نشاندہی ہوئی تو پیپلز پارٹی کے اراکین جو فاٹا کے اراکین کے ساتھ فاٹا کے مسائل پر توجہ نہ دینے کے معاملہ پر ایوان سے واک آؤٹ کرگئے تھے فوری ایوان کے اندر آگئے تاکہ کوم پورا کیا جاسکے مگر پیپلز پارٹی والوں کی یہ کوشش ناکام رہی پیپلز پارٹی کے ارکان ایوان میں واپس آگئے مگر کورم پورا نہ ہوا اور اجلاس ملتوی کردیا گیا۔