گوادر، اورکزئی میں راکٹ حملے،5 اہلکار شہید: دتہ خیل، خیبر ایجنسی میں14 دہشت گرد ہلاک
اورکزئی+ گوادر+ خیبر ایجنسی+ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) گوادر میں ایف سی کے قافلے پر دہشتگردوں کی فائرنگ اور راکٹ حملے میں 4اہلکار شہید اور 5 زخمی ہو گئے جبکہ لوئر اورکزئی ایجنسی میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کے ہیڈ کوارٹر پر راکٹ سے حملہ کیا جس سے ایک اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ ادھر دتہ خیل میں سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں 7دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ خیبر ایجنسی میں لشکر اسلام کے مرکز میں بارودی مواد پھٹنے سے 7دہشت گرد مارے گئے۔ گوادر کے علاقے سنسر میں ایف سی کے قافلے پر نا معلوم دہشتگردوں نے فائرنگ کی جس سے 4اہلکار شہید جبکہ 5زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ حملہ آور فرار ہو گئے۔ حملہ گوادر کے قریب نشتر کے علاقہ میں کیا گیا، حملے کے بعد ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا۔ علاقہ میں دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا، شہید ہونے والے اہلکاروں میں رحیم اللہ اور اصغر شامل ہیں۔ حملے میں الائچ گل، نعمت اللہ، خار اور اسماعیل زخمی ہوئے۔ اورکزئی ایجنسی میں دہشتگردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے، دہشت گردوں کی جانب سے فائر کئے گئے راکٹ مسجد میں گرے جس وقت نماز کی ادائیگی کی جا رہی تھی، نماز پڑھنے میں مصروف متعدد اہلکار زخمی ہو گئے۔ جن میں سے ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیرائو کرکے دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دریں اثنائسکیورٹی ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے سنڈانہ تیراہ میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانے میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 7 دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کا ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق دھماکہ لشکر اسلام کے خفیہ ٹھکانے پر موجود بارودی مواد پھٹنے سے ہوا، ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی، مشتبہ ٹھکانے پر بارودی اور دھماکا خیز مواد بڑی تعداد میں موجود تھا۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی اہل کاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا۔ دریں اثناء شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپ میں 6شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ جھڑپ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا تاہم کسی گرفتاری کی عمل میں نہیں آئی، سکیورٹی فورسز کی جانب سے گولہ باری کا سلسلہ بھی کافی دیر جاری رہا۔ عسکری ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے دتہ خیل میں چیک پوسٹ پر راکٹ داغے اور بعدازاں فائرنگ بھی کی۔ اس ذریعہ کے مطابق دتہ خیل میں دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے فورسز کی کارروائی جاری ہے۔ شمالی وزیرستان میں اب کچھ علاقے ایسے باقی رہ گئے ہیں جہاں دہشت گرد انفرادی یا چھوٹے گروپوں کی شکل میں موجود ہیں جن کا سراغ لگاکر ان کا قلع قمع کیا جا رہا ہے۔