• news

پنجاب میں تعلیمی ادارے کل کھلیں گے، کالجوں میں این سی سی جیسی تربیت دینگے: رانا مشہود

لاہور (خبر نگار + سٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے صوبے کے تمام کالجوں میں 1970ءکے عشرے میں رائج نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کی طرز پر کالج سٹوڈنٹس کی نئی کیڈٹ کور تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے فارمیٹ کو بہت جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف بہت جلد کیڈٹس کا تربیتی کورس مکمل کرنے والے طلبا و طالبات کو اضافی نمبرز اور دیگر تعلیمی مراعات دینے کے نئے فارمولاکی منظوری دیں گے۔ انہوں نے یہ بات صوبہ بھر کے ڈویژنل ڈائریکٹرز (کالجز) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ رانا مشہو داحمد خاں نے کہا پنجاب کے تمام تعلیمی ادارے بشمول سرکاری اور نجی شعبے کی یونیورسٹیاں کل 12 جنوری کو کھل جائیں گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ سکیورٹی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جن میں متعلقہ ڈی سی او، صوبائی محکموں اور مختلف سکیورٹی ایجنسیز کے سینئر نمائندے شامل کئے گئے ہیں۔ تعلیمی اداروں کے سکیورٹی انتظامات کی تصدیق کے حوالے سے خصوصی انسپکشن کمیٹیاں بھی ہر ضلع میں بنا دی گئی ہیں۔ یہ انسپکشن کمیٹیاں روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹس متعلقہ ضلعی سکیورٹی کمیٹی کو بھجوائیں گی۔ اگر کسی تعلیمی ادارے نے جان بوجھ کر سکیورٹی انتظامات کو مقررہ سٹینڈرڈ آپریشنل پروسیجرز کے معیار تک لانے میں کوتاہی کی تو ضلعی سکیورٹی کمیٹی اس تعلیمی ادارے کے پرنسپل اور مالکان کا موقف باقاعدہ سننے کے بعد ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائے گی۔ وزیرتعلیم نے کہا پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے۔ حکومت پنجاب دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور پنجاب کے نوجوانوں کے حوصلے بہت بلند ہیں۔قبل ازیں وائس چانسلرز کانفرنس سے خطاب میں وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہاکہ پاکستان کی اکیڈیمیوں میں ہماری سرکاری اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز ”انٹیلکچوئل کریم “ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وائس چانسلرز کی مشاورت سے حکومت ایک نیا ” نیشنل ایجوکیشن فریم ورک “ ترتیب دے گی تاکہ نوجوان نسل میں شدت پسندی اور انتہا پسندی کے رحجانات کا سدباب کرنے کے لئے لانگ ٹرم حکمت عملی وضع کی جاسکے۔آن لائن کے مطابق 12جنوری کو پنجاب کے 65 فیصد سکول نہیں کھل پائیں گے جس پر ضلعی انتظامیہ نے حکومت سے رائے طلب کر لی ہے۔ یاد رہے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں دہشتگردی کے پیش نظر دیواروں کو اونچا‘ خاردار تاروں اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کےساتھ ساتھ گیٹ پر داخل ہونیوالے ہر شخص کی جامہ تلاشی کو یقینی بنانے کےلئے کہا تھا جس پر بنائی گئی جوائنٹ کمیٹی جس میں سی ٹی ڈی‘ سپیشل برانچ‘ محکمہ تعلیم‘ آئی بی اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے شامل ہیں نے ایک رپورٹ مرتب کی ہے جس میں کہا گیا ہے حکومت پنجاب کی جانب سے دی جانیوالی گائیڈ لائن پر صوبہ بھر کے بیشتر سکولوں میں کئے جانیوالے اقدامات ناکافی ہیں جس کے باعث ہم نے ان سکولوں کو این او سی جاری نہیں کئے ہیں۔
رانا مشہود


ای پیپر-دی نیشن