• news

بلاول کو منانے کی کوششیں ناکام، زرداری کے کارکنوں سے رابطے تیز

لاہور (سید شعیب الدین) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو منانے کی کوشش ناکام ہو گئیں۔ مخدوم امین فہیم بھی بلاول کو راضی کرنے میں ناکام ہو گئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی ناراضی اپنے والد آصف زرداری کی مفاہمانہ پالیسی کی مفاہمانہ پالیسی کی وجہ سے ہے۔ بلاول جارحانہ سیاست کے خواہشمند ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ گذشتہ 6 برس سے زائد میں زرداری کی مفاہمتی پالیسی نے پارٹی کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور ورکرز خفا ہو گئے ہیں۔ بلاول والد سے ناراضی میں اتنا آگے چلے گئے ہیں کہ انہوں نے اپنی والدہ کی برسی میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ زرداری سابقہ دورہ لاہور میں چند ایسے جملے بھی کہے تھے جن سے بلاول کی ناراضی مزید بڑھ گئی۔ زرداری نے واضح الفاظ میں کہا کہ بے نظیر بھٹو کی وصیت کے مطابق وارث ”وہ“ ہیں اور بلاول ان کا وارث ہے۔ انہوں نے بلاول کی سخت گوئی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ بلاول کو منانے کی ذمہ داری مخدوم امین فہیم، شیری رحمٰن اور بلاول بھٹو کی سگی خالہ صنم بھٹو کو بھی سونپی گئی ہے مگر تاحال کسی کو کامیابی نصیب نہیں ہوئی۔ دوسری طرف آصف زرداری نے بیٹے کے روٹھ جانے اور منظر سے ہٹ جانے کے بعد پیپلز پارٹی کے ورکرز سے اپنے رابطے بڑھا دئیے ہیں۔ وہ سندھ اور پنجاب میں خاص طور سے ورکرز، جیالوں اور عہدیداروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ بلاول کی ناراضی کی دو اہم وجوہات ان کی پھوپھی فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی ہیں۔

بلاول/ ناراضی








ای پیپر-دی نیشن