• news

دہشت گردوں کے خاتمے تک ان کا تعاقب جاری رہے گا : نوازشریف

اسلام آباد (دی نیشن رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے دہشت گردوں کے خا تمے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس لعنت کے خلاف متحد ہے اور دہشت گردوں کو قانون کے آہنی ہاتھوں سے بچ کر نہیں جانے دیا جائے گا۔ راولپنڈی میں امام بارگاہ پر خودکش حملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دہشت گر دوں کی یہ بزدلانہ کارروائیاں ہیں ان کے خلاف کارروائیاں نہیں رک سکتیں۔ ملک کے کونے کونے میں دہشت گردوں کا تعاقب کرینگے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے تک ان کا تعاقب جاری رہے گا۔ دریں اثنا تازہ ترین پیش رفت کے مطابق راولپنڈی کی امام گاہ پر حملے کی خبر سننے کے بعد وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے کہا کہ وہ امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کریں۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ وہ تحقیقات میں صوبائی حکومت کی معاونت کریں۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد نوازشریف نے میتھری پالا سری سینا کو سری لنکا کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعظم محمد نوازشریف نے متھری پالا سری سینا کو شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ ادھر نئے سری لنکن صدر نے نئی کابینہ کے انتخاب کیلئے کام شروع کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن