قائداعظم اپیریل پارک سے صنعتکاری کا عمل تیز‘ روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہونگے : شہباز شریف
لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موٹروے کے نزدیک جنوبی ایشیا کا جدید ترین قائداعظم اپیرل پارک بنایا جا رہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر کو جدید سہولتیں ایک چھت تلے میسر آئیں گی۔ روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے، ملک کی برآمدات بڑھیں گی جس سے قومی معیشت مضبوط ہوگی۔ قائد اعظم اپیرل پارک میں صنعتکاروں اور سرماےہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اپیرل پارک سے صنعتکاری کا عمل مستحکم ہوگا۔ اربوں روپے کی سرماےہ کاری سے بننے والے سٹیٹ آف دی آرٹ قائد اعظم اپیرل پارک کے منصوبے سے صنعتکاری کا عمل تیز ہوگا۔ وہ گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں قائد اعظم ا پیرل پارک کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان زرعی ملک ہے اور زراعت پر مبنی صنعتوں کو فروغ دے کر ترقی و خوشحالی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے برآمدات میں اضافہ ہورہاہے۔ جی ایس پی پلس کی سہولت سے بھرپور استفادہ کرنے کے لئے ہمیں صنعتکاری کے عمل کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب میں جنوبی ایشیاءکا جدید قائد اعظم اپیرل پارک بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ قائد اعظم اپیرل پارک قومی خدمت کا عظیم منصوبہ ہے جس سے صنعتکاری کا عمل مستحکم ہوگا۔ مفاد عامہ کے اس منصوبے پر قومی خدمت کے جذبے کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ وقت ضائع کئے بغیر قائد اعظم اپیرل پارک کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام کیا جائے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں شفافیت کے کلچر کو فروغ دیاہے اور تمام ترقیاتی منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کئے گئے ہیں۔ قائد اعظم اپیرل پارک کا منصوبہ بھی شفافیت اور تیز رفتاری کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہوگا۔ قائد اعظم اپیرل پارک میں محنت کشوںاور مزدوروں کےلئے جدید سہولتوں سے آراستہ لیبر کالونی بھی بنائی جائے گی-قائد اعظم اپیرل پارک کے منصوبے میں کسی قسم کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔علاوہ ازیں شہبازشریف سے گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر ہاﺅسنگ اکرم خان درانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مجموعی ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقاءاوراستحکام کی جنگ ہے۔ سیاسی اور فوجی قیادت دہشت گردی سے نمٹنے کےلئے پرعزم ہے۔ سانحہ پشاور پر آج بھی ہر پاکستانی غمزدہ ہے۔ معصوم بچوں کو شہید کرنے والے سفاک درندے عبرتناک سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد سے امن قائم ہوگا۔ دہشت گردی کے ناسور کو اتحاد اور اتفاق کی قوت سے شکست دیں گے۔
شہباز شریف