آرمی پبلک سکول پشاور سمیت تعلیمی ادارے آج دوبارہ کھلیں گے
لاہور + راولپنڈی + پشاور (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں تعلیمی ادارے آج پیر سے دوبارہ کھل جائینگے۔ آرمی پبلک سکول پشاور بھی آج سے دوبارہ کھلے گا جبکہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر آرمی پبلک سکول راولپنڈی آج نہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آرمی پبلک سکول سکیورٹی انتظامات مکمل ہونے کے بعد کھولا جائےگا۔ علاوہ ازیں پشاور میں آرمی پبلک سکول کے اندر اور بیرونی اطراف میں صفائی ستھرائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ سکول کے ساتھ متصل نہر کی صفائی بھی کر دی گئی ہے جبکہ نہر کے کنارے موجود کئی درخت بھی ہٹا دیئے گئے ہیں۔ سکول کی چار دیواری کو اونچا کرنے کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے۔ دیوار کو 8 فٹ تک بلند کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے اوپر تین فٹ کی خاردار تاریں بھی لگا دی گئی ہیں۔ ادھر اسلام آباد میں بھی سکول (آج) پیر سے کھلیں گے اکثر سکولوں میں خاردار تاریں لگادی گئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کے چار سو تئیس تعلیمی اداروں میں سے 354 سرکاری اور 299 نجی تعلیمی ادراوں کا سکیورٹی آڈٹ مکمل کرلیا۔ علاوہ ازیں تعلیمی اداروں کی اکثریت نے حکومت کی طرف سے جاری کئے جانے والے ایس او پیز کے مطابق حفاظتی انتظامات مکمل کر لئے تاہم کئی ادارے تاحال انتظامات مکمل نہیں کر سکے، ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم نے 700 سے زائد سکولوں میں ناقص سکیورٹی انتظامات کی نشاندہی کی ہے جن کے خلاف آج سے کارروائی کئے جانے کا امکان ہے۔ تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کے لئے چھٹی کے روز بھی کام جاری رہا۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بعض پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے بھی حفاظتی انتظامات کے نام پر صرف خانہ پری کی ہے۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے آج دوبارہ کھل جائینگے اور تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہو گا۔ تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اس حوالے سے سکولوں اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کسی غیر متعلقہ شخص کو سکولوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جبکہ متعلقہ تھانوں کے اہلکار بھی تعلیمی اداروں کے باہر موجود ہونگے جبکہ تعلیمی ادارے سے چھٹی کے وقت بھی سکیورٹی اقدامات کئے جائیں گے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تعلیمی ادارے آج کھلیں گے، ادھورے سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے والدین تشویش کا شکار ہیں۔ واضح احکامات کے باوجود ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی نہ بنائے جا سکے، گوجرانوالہ اور گرد ونواح کے کئی سکولوں میں ابھی تک کوئی ٹیم سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کے لئے مکمل نہ ہو سکی۔ علاوہ ازیں پنجاب اور وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری سکولوں میں اسمبلی نہ کرانے کا حکم دیدیا گیا۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سکول پہنچ کر بچے سیدھا کلاسوں میں جائیں گے۔ اسمبلی نہیں ہو گی۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اسمبلی نہیں ہو گی۔ سکیورٹی خدشات کے باعث اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بچے اسمبلی کی بجائے سیدھا کلاسز میں جائیں گے۔ پشاور ضلع میں 1440 میں سے 1250 سکولوں میں سکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں ایس ایس پی آپریشن میاں سعید کے مطابق ضلع کے صرف 118 تعلیمی اداروں کو این او سی جاری کیا ہے مناسب انتظامات نہ کرنے والے تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ادھر قبائلی علاقوں میں تمام تعلیمی ادارے آج سے کھل جائیں گے۔ ادھر تحصیل باڑہ میں سکیورٹی خدشات کے باعث تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے۔ ایجنسی ایجوکیشن آفیسر عتیق الرحمان کے مطابق تحصیل لنڈی کوتل اور جمرود میں تعلیمی ادارے آج سے کھل جائیں گے۔ علاوہ ازیں لاہور کے مشنری سکولوں کی تعطیلات میں توسیع کر دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق تمام مشنری ادارے 18جنوری تک بند رہیں گے۔
تعلیمی ادارے کھلیں گے