• news

مشرف حملہ کیس کے مزید 2 مجرموں کو آج فیصل آباد جیل میں پھانسی دی جائیگی

 سکھر/ کراچی (آئی این پی+آن لائن) دہشتگردی کیخلاف قومی ایکشن پلان کے تحت سنگین نوعیت کے جرائم میں موت کی سزا پانے والے مجرمان کو پھانسیاں دینے کا عمل جاری ہے، سابق صدر پرویز مشرف پر حملہ کیس کے مزید 2 مجرمان کو (آج) پیر کو ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں تختہ دار پر لٹکایا جائیگا، سکھر جیل میں قید 3 مجرمان کو (کل) منگل کو پھانسی دی جائے گی، کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے بلیک وارنٹ جاری ہونے والے 6 مجرمان کی سزاﺅں پر بھی 15 جنوری تک عملدرآمد کا امکان ہے۔ تفصیلات کے دوران سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف حملہ کیس کے مزید 2 مجرموں کو (آج) پیرکو ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا جس کےلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ کراچی سے تعلق تعلق رکھنے والے مجرم مشتاق احمد اور چکوال کے نوازش علی کو سنٹرل جیل سے ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا جہاں دونوں کی ورثاءسے آخری ملاقات بھی کرا دی گئی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پرویز مشرف حملہ کیس کے 6 مجرموں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سینٹر ل جیل سکھر ون میں قید 3 قیدیوں شاہد حنیف، طلحہ اور خلیل کے ڈیتھ وارنٹ بھی جیل انتظامیہ کو موصول ہو گئے ہیں۔ تینوں دہشت گردوں کو (کل) منگل کی صبح چھ بجے تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا۔ ان تینوں دہشت گردوں نے 2001ءمیں ڈا ئریکٹر ڈیفنس منسٹری سید ظفر علی شاہ کو قتل کیا تھا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پرویز مشرف حملہ کیس کے دو مجرموں کے بلیک وارنٹ فیصل آباد جیل انتظامیہ کو موصول ہو گئے، مجرم نوازش علی اور مشتاق احمد کو 24 گھنٹے میں پھانسی دی جائے گی۔
پھانسی دی جائیگی


ای پیپر-دی نیشن