• news

ٹریفک کے مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق

کراچی + نوشہرو فیروز + مظفر آباد + حب (ایجنسیاں + نوائے وقت نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں ٹریفک حادثات میں دو بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لسبیلہ سے کراچی جانیوالی باراتیوں سے بھری وین حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق لسبیلہ سے کراچی جانیوالی بس جس میں باراتی سوار تھے وندرکے قریب تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 6 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ادھر سرلی سیکٹر سے مظفر آباد جانے والی مسافر جیپ سرلی سیکٹر کے قریب ہی کھائی میں جاگری۔ حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے ہیں۔ ادھر نوشہرو فیروز نانگو شاہ موری قومی شاہراہ پر پشاور سے کراچی جانے والی مسافر بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں دو بچے موقع پر ہی جاں بحق ، دس بچوں سمیت 16افراد زخمی ہوگئے۔ تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن