• news

دینی مدارس فروغ تعلیم کیلئے گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں: حنیف جالندھری

اسلام آباد ( این این آئی) دینی مدارس ملک وقوم کی خدمت کر رہے ہیں، دینی مدارس پاکستان میں فروغِ تعلیم کے لئے گرانقدر خدمات سرانجام دے دہے ہیں ان خدما ت کا اعتراف کیا جانا چاہئے، مدارس کا عسکریت اور اسلحہ سے کوئی تعلق نہیں علم وتحقیق مدارس کی محنت کے میدان ہیں، حکمران مدارس بارے غیر حقیقت پسندانہ اور جانبدارانہ پالیسیاں تشکیل دینے سے گریز کریں۔ ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے کیا۔ انہوں نے کہا مدارس ملک وقوم کی خدمت کر رہے ہیں اور قوم کے بچوں کو تعلیم، لباس اور قیام وطعام کی سہولتیں مہیا کرنے کی جو ذمہ داری آئینی طور پر حکومت پر عائد ہوتی ہے مدارس رضاکارانہ طور پر قوم کے تعاون سے وہ ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور دین کی دعوت و اشاعت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، پاکستان میں شرح خواندگی میں اضافے اور فروغ تعلیم کے لئے مدارس کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ مدارس جو وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کے لئے حکومت کے حلیف اور رفیق ہیں انہیں بے بنیاد پروپیگنڈہ کے زور پر حریف اور فریق بنانے سے باز رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن