جو دلیل کو گولی بنائے وہ روشنی اور جو گولی کو دلیل بنائے وہ اندھیرا ہے: بی بی سی
کراچی (بی بی سی)مجھے معلوم ہے چھٹیوں کے بعد پہلے دن سکول جانا اکثر بچوں کو اچھا نہیں لگتا۔ مجھے بھی نہیں لگتا تھا لیکن مجھے یقین ہے کہ تمہیں بھی کل سکول جا کے بہت اچھا لگے گا۔ ہاں تم میں سے بہت سوں کے ابا اماں پہلے دن سکول بھیجتے ہوئے پریشان ہونگے۔ طرح طرح کے خدشات ہونگے ان کے دل میں، تو تم اپنے ممی پاپا اور ابا اماں سے کہہ دو کہ جب ہم نہیں ڈر رہے تو آپ کیوں ڈر رہے ہیں۔ یہ دنیا بھی بالکل تمہارے کلاس روم کی طرح بچو برے کو صرف برا کہنے سے تو کام نہیں چلتا تمہیں برے لوگوں کی مدد بھی تو کرنی ہو گی۔ وہ ایسے کہ ان کے ساتھ روشنی با نٹنی ہو گی۔ اب تم پوچھو گے کہ انکل اندھیرا روشنی کا لباس پہن کے سامنے آئے تو ہم پہچانیں گے کیسے؟ ارے بھئی یہ کوئی مشکل تھوڑی ہے جو دلیل کو گولی بنائے وہ روشنی ہے اور جو گولی کو دلیل بنائے وہ اندھیرا ہے۔ یہ نشانی تم یاد رکھو تو اندھیرا کوئی بھی بھیس بدل کے آئے تم فوراً پہچان لو گے۔ تمہیں بس یہ کرنا ہے اس کے آگے دیا لے کے کھڑے ہو جانا ہے اندھیرا جتنا بھی گھپ ہو بھلا دیے کے آگے تھوڑی ٹھہر سکتا ہے؟