• news

واپڈا کو شکست نیشنل ہاکی چیمپئن شپ پی آئی اے کے نام

لاہور + سیالکوٹ (سپورٹس رپورٹر + نامہ نگار) پی آئی اے نے واپڈا کو 4-2سے شکست دیکر 61ویں نیشنل ہاکی چمپئن شپ جیت لی۔ فائنل میچ میں واپڈا کی طرف سے عمر بھٹہ نے فیلڈ گول کے ذریعے برتری دلائی اور کچھ دیر بعد واپڈا کے علیم نے پنلٹی کارنر کے ذریعے دوسرا گول کیا۔ پی آئی اے کی طرف سے کھیل کے آخری ہاف میں زبیر نے فیلڈ گول کیا جبکہ کاشف علی نے پنلٹی کارنر سے گول کرکے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ بعد ازاں پنلٹی شوٹ آؤٹس کے ذریعے پی آئی اے کے شفقت اور اسفرنے گول کرکے پی آئی اے کو 4-2سے چمپئن بنا دیا۔ نیشنل بنک نے 5-4سے کامیابی حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ وفاقی وزیر دفاع پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے فاتح ٹیم کو ٹرافی دی جبکہ رکن پنجاب اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کھلاڑیوں کو میڈلز دیئے۔ وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان ہاکی اپنی کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ پانے کیلئے کئی سال سے جدوجہد کر رہا ہے۔ بھارت کو سیمی فائنل میں ہرانے پر پاکستانی ہاکی ٹیم اور فیڈریشن کو مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کی بہتری کیلئے پرائیویٹ اداروں اور حکومت کو آگے آنا چاہئے تاکہ ہاکی فیڈریشن کے فروغ کیلئے زیادہ سے زیادہ سپورٹ فراہم کی جا سکے۔ قبل ازیں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا مجاہد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن