• news

حکومتی سست روی‘ پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کو 40 ہزار ڈالر جرمانہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی سست روی کی وجہ سے انٹرنیشنل ہینڈ بال فیڈریشن نے پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کو 40 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کر کے معاملہ آئی او سی کو ریفر کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن نے دسمبر 2014ء میں انٹرنیشنل ہیڈ بال فیڈریشن چیلنج ٹرافی ساوتھ اینڈ سٹنرل ایشیا کی میزبانی انجام دی تھی جس میں مینز اور ویمنز کی 13 ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کی یقین دہانی کے باوجود پاکستان حکومت نے بھارتی ٹیم کو میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے ویزے جاری نہیں کیے تھے جس پر بھارتی ہینڈ بال فیڈریشن نے معاملہ اٹھایا جس نے پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کو تقریباً 15 ہزار ڈالر بھارتی فیڈریشن کو جبکہ 25 سے 30 ہزار ڈالر کے قریب پاکستان کو جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئی او سی اور انٹرنیشنل ہینڈ بال فیڈریشن نے چیمپیئن شپ میں بھارتی ٹیم کی شرکت نہ کرنے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ اس کا ذمہ دار کون ہے ہماری وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی اور پاکستان سپورٹس بورڈ سے درخواست ہے کہ وہ معاملہ کی انکوائری کرے۔

ای پیپر-دی نیشن