پردیس نہیں جا رہے‘ سکیورٹی خدشات کے باوجود بچے یہاں ہی پڑھیں گے:مریم
لاہور(آئی این پی) وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے اپنی بیٹی کو تعلیم کیلئے لندن بھیجنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پردیس نہیں جارہے ‘بچے ملک میں ہی پڑھیں گے‘ہماری سکیورٹی کو سنگین خدشات ہیں، ڈرنے والی نہیں‘بیٹی کو دھمکیوں کے بعد سکول سے صرف اس لئیے نکالا کہ اس وجہ سے دوسرے بچوں کی زندگی خطرے میں نہ پڑے، ہمیں ملک کے سارے بچے اپنے بچوں کی طرح عزیز ہیں۔ پیر کو ایک ٹوئیٹر پیغام میں مریم نواز شریف نے مزید کہاکہ بیٹی کو سکول سے نکالنے کا مقصد دیگر بچوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے، بیٹی اب گھر میں ہی پڑھے گی۔مریم نواز نے میڈیا پر چلنے والی کی خبر کی تردید سوشل میڈیا پر کی، ان کا کہنا تھا کہ دیس چھوڑ کر پردیس جانے کا کوئی ارادہ نہیں، ہم بھی ملک میں ہیں اور بچے بھی یہاں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹی کو دھمکیوں کے بعد سکول سے صرف اس لئیے نکالا کہ اس کی وجہ سے دوسرے بچوں کی زندگی خطرے میں نہ پڑے، مریم نے متعلقہ نیوز اینکر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی افواہیں پھیلا کر سوائے سستی شہرت کے کچھ حاصل نہیں ہوتا، ٹی وی چینل محظ سنسنی پھیلانے کیلئے ایسی خبریں چلاتے ہیں۔
مریم نواز تردید