• news

خیبر پی کے اسمبلی : فنڈز نہ ملنے پر حکومتی اتحادی رکن کا سپیکر کے سامنے لیٹ کر احتجاج‘ دھکے دیکر نکال دیا گیا

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے اسمبلی میں سپیکر ڈائس کے سامنے لیٹ کر احتجاج پر حکومت کی اتحادی عوامی جمہوری اتحاد کے رکن کو دوسری اتحادی جماعت اسلامی کے رکن محمد علی نے دھکے دے کر اسمبلی سے نکال دیا۔ بابر سلیم خان فنڈز نہ ملنے پر احتجاج کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں خیبر پی کے اسمبلی کا اجلاس گزشتہ جاری تھا۔ اس دوران تحریک انصاف کی اتحادی عوامی جمہوری اتحاد کے رکن بابر سلیم نے فنڈز نہ دینے پر بولنے کی کوشش کی تاہم سپیکر نے ان کا مائیک بند کر دیا جس پر بابر سلیم نے سپیکر کی نشست کے سامنے آکر احتجاج شروع کر دیا اور فرش پر بیٹھ گئے، اس پر جماعت اسلامی رکن اسمبلی محمد علی فوراً حرکت میں آئے اور سکیورٹی اہلکار سے ملکر بابر سلیم کو قابو کرکے دھکے یتے ہوئے ایوان سے لے گئے۔ یاد رہے بابر سلیم نے اپنی ہی پارٹی کے وزیر شہرام ترکئی پر الزام لگایا کہ ان کے کہنے پر صوبائی حکومت انکے فنڈز ریلیز نہیں کر رہی اور یہ فنڈز ایک خاتون رکن کو جاری کئے جا رہے ہیں۔ رکن اسمبلی کے ساتھ یہ سلوک دیکھ کر اپوزیشن ارکان نے بھی احتجاج شروع کر دیا اور اجلاس سے واک آﺅٹ کر گئے جس پر صورتحال کو دیکھتے ہوئے سپیکر نے اجلاس کچھ دیر کیلئے ملتوی کر دیا۔ قبل ازیں اسمبلی نے حلقہ بندیوں سے متعلق ترمیمی بل 2015ءمنظور کر لیا جو صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے پیش کیا تھا۔
خیبر پی کے اسمبلی


ای پیپر-دی نیشن