• news

خطوط کا تبادلہ : قومی مسائل پر تعاون کیلئے قریبی رابطہ رکھیں گے نوازشریف خورشید شاہ میں اتفاق

اسلام آباد (صباح نےوز) وزیراعظم محمد نوازشریف نے دہشتگردی، انتہا پسندی کے خلاف اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون پر ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ قومی سلامتی کے معاملے پر وزیراعظم نے ایک بار پھر تمام سیاسی وجمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ نئے سال کے چیلنجز کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں قریبی رابطوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے مخلصانہ کوششوں، بہتر طرز حکمرانی، شفافیت اور بصیرت اور تدبر سے اس قومی مسئلے کو حل کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔ نئے سال میں قومی مسائل پر تعاون کے معاملے پر وزیراعظم محمد نوازشریف اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان خطوط کا تبادلہ ہوا ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نئے سال کی آمد پر وزیراعظم محمد نوازشریف کو تہنیتی خط بھجوایا تھا۔ وزیراعظم ہاو¿س سے گزشتہ روز اس بارے میں اپوزیشن لیڈر کو اظہار تشکر کا خط ارسال کیا گیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے دہشتگردی انتہا پسندی کے خلاف حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت پر اپوزشن کا شکریہ ادا کیا ہے اور اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ اصل مسئلہ اور چیلنج دہشت گردی و انتہا پسندی کا خاتمہ ہے اس حوالے سے سیاسی جمہوری قوتوں میں مفاہمت اہم سنگ میل ہے جو اس ناسور پر قابو پانے کے لئے پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کی قومی امن کو یقینی بنانے کے لئے وفاق اور صوبوں کے تعلقات کار میں مزید بہتری، قریبی رابطوں کے حوالے سے دیگر تجاویز سے بھی اتفاق کیا۔ یاد رہے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے باضابطہ خط کے ذریعے سال 2015ء کے چیلنجز سے عہدہ برا ہونے کے لئے وزیراعظم اور حکومت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار اور سیاسی جمہوری قوتوں میں ہم آہنگی کے فروغ لئے اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی ساتھ اس بارے میں انہیں باقاعدہ طور پر نئے سال کی مبارکباد کے پیغامات بھجوائے گئے ہیں۔ قائد حزب اختلاف نے2015ءکو دہشت گردی سے ملک کو پاک کرنے کا سال ثابت ہونے کی دعا کی اور ملک کو محفوظ بنانے کے لئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا اور کہا سال 2015ء میں دہشت گردی پر قابو پانا ہی سب سے بڑا چیلنج ہوگا کیونکہ دہشت گردی ہی ملکی ترقی و عوامی خوشحالی میں اصل رکاوٹ ہے۔ خورشید شاہ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو اپوزیشن کے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔
نوازشریف/ خورشید شاہ





ای پیپر-دی نیشن