• news

ایکنک اجلاس: گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ ایکسپریس وے سمیت چاروں صوبوں کیلئے بڑے منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک)کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں طورخم جلال آباد روڈ افغانستان کے اضافی کیرج وے کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ 73.67 کلو میٹر فاصلے کے کیرج وے پر 7343.540 ملین روپے لاگت آئے گی، اس منصوبے کیلئے فنڈز 500 ملین ڈالر کے فنڈز میں سے پورے کئے جائیں گے جس کا اعلان حکومت پاکستان نے افغانستان کی تعمیر نو و بحالی کیلئے کیا ہے۔ ایکنک نے بلوچستان میں معیار تعلیم کی بہتری کیلئے حکومت بلوچستان کے پراجیکٹ کی منظوری دی۔ ایکنک نے پاکستان ریلویز کی بحالی، 400 کوچز کی اپ گریڈیشن کی بھی منظوری دی۔ منصوبے پر 5200 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس میں 446.432 ملین روپے کا ایف ای سی بھی شامل ہے۔ وزارت مواصلات کے منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی جس میں دریائے سندھ پر امری قاضی پل کی تعمیر، این5 کو این 55 سے ملانا شامل ہے۔ اس منصوبے پر 7189.108 ملین روپے لاگت آئے گی۔ ایکنک نے گوادر پورٹ کے ایسٹ وے پر ایکسپریس وے کی تعمیر کا بھی جائزہ لیا اور اس کی منظوری دی جس پر 14062 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اس میں سے 13543 ملین روپے ایف ای سی شامل ہے۔ منصوبے پر گوادر پورٹ اتھارٹی، وزارت بندرگاہیں و جہاز رانی عملدرآمد کرائے گی۔ یہ منصوبہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کی جلد تکمیل کئے جانے والے منصوبوں میں شامل ہے۔ ایکنک نے نئے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بھی منظوری دی جس پر 26596 ملین روپے لاگت آئے گی۔ قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے فیصل آباد ویسٹ کے 500KV سب سٹیشن پراجیکٹ کی بھی منظوری دی جس پر 9379.505 ملین روپے لاگت آئے گی، اس منصوبے کا بڑا مقصد این ٹی ڈی سی کی استعداد کار میں اضافہ ہے۔ ایکنک نے 84 میگا واٹ کے ملتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ڈیزائن اور تعمیر کی بھی منظوری دی، جس پر 20722.94 ملین روپے لاگت آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن