قوم پاک چین معاشی کوریڈور کیخلاف پراپیگنڈہ پر توجہ نہ دے: صدر ممنون
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ پاک چین معاشی کوریڈور کے خلاف پراپیگنڈہ پر توجہ نہ دیں۔ صدر نے کہا کہ پاک چین معاشی کوریڈور علاقے میں معاشی استحکام کا واحد ذریعہ ہے۔ صدر گزشتہ روز لاہور کے تاجروں کے ایک وفد سے ایوان صدر میں بات چیت کررہے تھے۔ صدر نے کہا کہ اس منصوبے سے ملک میں روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔ صدر نے تاجروں اور صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ قومی معیشت کی ترقی کے لئے کردار ادا کریں۔ صدر نے بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ پاکستان سے بدعنوانی ختم کرنے کے لئے حکومت کی مدد کریں۔ صدر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔