• news

دکھی لوگوں نے ”گو عمران گو“ کے نعرے لگائے‘ بیلٹ پیپرز کا فرانزک ٹیسٹ کرانے پر تیار ہیں : پرویز رشید

اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان سچ نہیں بولتے، عمران خان پاکستان کے عوام کو گمراہ کرتے تھے۔ ان کی سیاست تعمیری نہیں تخریبی ہے۔ عمران کی سیاست کی بنیاد جھوٹ ہے۔ ”گو عمران گو“ کا نعرہ دکھی دل کا نعرہ ہے، پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے عمران خان کو بیلٹ پیپرز کا فرانزک ٹیسٹ کرانے کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہئے کہ وہ جمہوریت کو مضبوط کریں۔ عمران خان 48گھنٹے میں فرانزک ٹیسٹ کی پیش کش قبول کریں۔ عمران خان پارلیمنٹ کا حصہ بنیں لڑائی جاری رکھیں گے تو ” گو عمران گو“ کے نعرے ہر گلی سے گونجیں گے۔ عمران خان جانتے ہیں کہ انہیں جوڈیشل کمشن میں بھی شکست ہوئی۔ایسی شکایات جو ٹربیونل کے دائرے میں نہیں آتیں، ان کے لئے کمشن بنتا ہے۔ عمران خان خواہشات کی تکمیل اور جمہوری نظام کو کمزور کرنا چاہتے تھے۔پرویز رشید نے کہا کہ دکھی دلوں نے آج عمران خان کیخلاف گو عمران گو کے نعرے لگائے اگر عمران خان شہداءکے لواحقین کا ساتھ دیتے تو ان کو یہ نعرے نہ سننا پڑتے۔ ان کو غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج نعرے سننے پڑے ہیں کیونکہ عمران خان سیاسی نعرے کی آڑ میں ذاتی خواہشات کی تکمیل چاہتے ہیں اور وہ نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں کیونکہ لوکل کمشن کی رپورٹ میں بوگس ووٹ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا، اگر عمران خان چاہیں تو بیلٹ پیپرز کا بھی فرانزک ٹیسٹ کرانے کے لئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ملک کا مسئلہ ہے اور تمام جماعتیں اس پر متحد ہیں لیکن عمران خان روڑے اٹکانے میں مصروف ہیں۔
پرویز رشید

ای پیپر-دی نیشن