• news

مسلم لیگ ن اور اے این پی نے حالات خراب کئے: مشتاق غنی ‘الزام جھوٹ ہے، گو عمران کا نعرہ لگ گیا اب اپنی حکومت ختم کریں: زاہد خان

پشاور (نوائے وقت نیوز) خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات مشتاق غنی نے کہا ہے کہ شہدا فورم اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی تنظیم ہے۔ عمران خان اور وزیراعلیٰ کا راستہ روکنا غیر اخلاقی بات ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے این پی اور مسلم لیگ ن نے جان بوجھ کر سکول کے باہر حالات خراب کئے، طلبہ نے تو عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔ اسد عمر نے تو کسی کو گالی نہیں دی یہ الزام ہے۔ بی سی سی کے مطابق مشتاق غنی نے کہا کہ صرف مسلم لیگ ن اور اے این پی کے 8 سے 10 افراد نے عمران کا راستہ روکنے کی کوشش کی۔ دریں اثناءوزیر اطلاعات خیبر پی کے مشتاق غنی کے الزامات کے جواب میں اے این پی کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ تحریک انصاف والے جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف والے کہتے تھے کہ جس دن گو عمران گو کے نعرے خیبر پی کے میں لگیں گے اس دن اپنی حکومت ختم کر دیں گے۔ اب دوسروں پر الزام لگا رہے ہیں۔ ہمارے کسی کارکن کا شہدا تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، اپنی نااہلی چھپانے کے لئے ہم پر الزام لگایا جا رہا ہے۔ شہید کی تصویر اٹھائی ہوئی خاتون کیا اے این پی کی ورکر تھی؟۔ دریں اثناءاے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے 4ماہ احتجاج کیا۔ خود چند منٹ کا احتجاج برداشت نہیں کر سکی۔ وزیراعلیٰ کو شہداءکے والدین کی بات سننی چاہئے تھی۔ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار وزراءنے بھی ماحول خراب کیا۔

مشتاق غنی/ زاہد خان

ای پیپر-دی نیشن