• news

کراچی میں ہیڈ کانسٹیبل سمیت 3 افراد کی ٹارگٹ کلنگ

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں بدھ کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں ہیڈکانسٹیبل سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔ پاپوشنگر کے علاقے  ناظم آباد میں مسلح افراد نے منگل کی رات محمد اقبال کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جو متحدہ کا ہمدرد بتایا جاتا ہے۔ ادھر ملیر سٹی کے علاقے غازی گوٹھ میں دوپہر موٹر سائیکل سوار افراد نے پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل 45 سالہ ملک حفیظ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔ ملک حفیظ پولیس ہیڈ کوارٹر ایسٹ میں تعینات تھا جس کے قتل کے بعد ایس ایس پی ملیر رائو انوار نے ملیر سٹی  تھانے کے انچارج کو معطل کرتے ہوئے اس کی تنزلی کر دی۔ اس کے علاوہ کیماڑی کے علاقے گلشن سکندر آباد میں نامعلوم افراد نے ایک شخص 65 سالہ نور محمد کو تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ مقتول کی بوری بند لاش ملی۔ دریں اثناء بلدیہ ٹائون کے سیکٹر 12 میں شاہ جی ہوٹل کے نزدیک مسلح افراد نے 40 سالہ سیکیورٹی  گارڈ لیاقت علی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ علاوہ ازیں لنک روڈ پر 4 روز قبل آئل ٹینکر سے ٹکرا کر بس کے جلنے اور 64 افراد کی موت کے کیس میں آئل ٹینکر ڈرائیور محمد حنیف اور محمد عطا کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ لانڈھی سے ٹارگٹ کلر بلال کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملزم نے 3 سال قبل پولیس موبائل پر فائرنگ کر کے کانسٹیبل کو قتل 3 کو شدید زخمی کر دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن