شہباز بھٹی قتل کیس سمیت اسلام آباد 6، پنجاب کے 29 مقدمے فوجی عدالتوں میں بھیجنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) آئی جی اسلام آباد طاہر عالم خان نے کہا ہے کہ وفاقی پولیس نے دہشت گردی کے چھ ہائی پروفائل مقدمات فوجی عدالتوں میں بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں سابق وزیر شہباز بھٹی کے قتل ، بینظیر بھٹو کیس میں ایف آئی کے پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار کے قتل ، بہارہ کہو میں بارود سے بھری گاڑی برآمد ہونے ، نیٹو کینٹینرز حملہ کیس سمیت چھ مقدمات شامل ہیں۔ اسلام آباد میں کام کرنے والی غیر ملکی این جی اوز کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ایک غیر ملکی این جی او کا اسلام آباد میں دفتر بھی سیل کیا جا چکا ہے انہوں نے یہ بات جمعرات کو فوٹو جرنلسٹس کی تصویروں کی نمائش کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ آئی جی نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد میں دہشت گردی کا سخت خطرہ ہے جس کی وجہ سے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتہائی سخت کی گئی ہے اسلام آباد کی سکیورٹی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے شہریوں سے بھی تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ مزید براں صباح نیوز کے مطابق محکمہ پنجاب نے دہشت گردی میں ملوث 29 افراد کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانے کے لئے وفاق کو ارسال کر دئیے۔ وفاق ان کیسز کا جائزہ لینے کے بعد عدالتوں کو ارسال کرے گا جبکہ دو سے تین فوجی آئندہ ہفتے تک پنجاب میں قائم کر دی جائیں گی جن میں کیسز کو چلایا جائے گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جو کیسز محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے وفاق کو بھجوائے گئے ہیں یہ مختلف عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔ وفاق ان کیسز کا جائزہ لینے کے بعد فوجی عدالتوں میں بھیجے گا جبکہ فوجی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے امور طے کئے جا رہے ہیں۔