سبی میں دہشت گردی اور آواران میں کمشنر قلات کا قافلہ اڑانے کی کوشش ناکام
کوئٹہ+ سبی (بیورو رپورٹ+ آئی این پی) آواران کے علاقے میں پولیس نے کمشنر قلات ڈویژن کے قافلے کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ڈپٹی کمشنر آواران عزیز جمالی نے بتایا کہ آواران کے علاقے واجہ باغ جھاؤ میں نامعلوم افراد نے کمشنر قلات ڈویژن کے قافلے کو نشانہ بنانے کیلئے سڑک کے کنارے بم نصب کر رکھا تھا، بروقت اطلاع ملنے پر ڈی پی او آواران پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جس پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جوابی کاررروائی کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پسنی میں نامعلوم افراد نے واٹر ٹینکر پر فائرنگ کر کے 2 افراد کو زخمی کر دیا۔ لیویز کے مطابق جمعرات کو پسنی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے واٹر ٹینکر پر فائرنگ کر کے 2 افراد ریاض محمد اور صابر علی کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق شکے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ دوسری طرف ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں نامعلوم افراد نے 8انچ قطر کی گیس پائپ لائن کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا جو زوردار د ھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں گیس پائپ لائن تباہ ہو گئی۔ لیویز مزید کارروائی کر رہی ہے۔ دریں اثناء تفتان بارڈر پر ایرانی سیکورٹی فورسز نے گرفتار 38 پاکستانی باشندوں کو لیویز کے حوالے کر دیا۔ لیویز کے مطابق یہ افراد غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہوئے تھے اور روزگار کی تلاش میں ایران کے راستے پورپی ممالک جانا چاہتے تھے جن کے پاس کوئی قانونی سفری دستاویزات نہیں تھیں جنہیں ایرانی سیکورٹی فورسز نے گرفتار کرکے تفتان بارڈر پر لیویز کے حوالے کر دیا۔ لیویز نے گرفتار افراد کو مزید کارروائی کیلئے ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ دوسری طرف سبی میں صدر تھانے کی پولیس نے ناڑی پل پر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی‘ پولیس نے گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او نواز جتک کے مطابق کار کے خفیہ خانوں سے 11کلاشنکوف اور 1500 سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں، گرفتار افراد کو تھانہ صدر منتقل کر دیا گیا۔