• news

چیئر مین سکیورٹی ایکسچینج کمشن کی تقرری اسحاق ڈار، سیکرٹری قانون و دیگر کو نوٹس

اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سکیورٹی ایکسچینج کمشن آف پاکستان کے چیئرمین کی تقرری کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار‘ سیکرٹری خزانہ‘ سیکرٹری قانون و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ جمعہ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں سکیورٹی ایکسچینج کمشن آف پاکستان کے چیئرمین ایم ظفرالحق حجازی کی تقرری کو چیلنج کیا گیا تھا اور کیس کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ درخواست گزار ریاض احمد کے وکیل جی ایم چوہدری بھی عدالت عالیہ میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سکیورٹی ایکسچینج کمشن آف پاکستان کے چیئرمین کی تقرری کی ہے۔ حکومت نے 17 دسمبر 2014ءکو ایم ظفرالحق حجازی کا بطور کمشنر تقرر کیا بعد میں چیئرمین سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان مقرر کردیا گیا۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سکیورٹی ایکسچینج کمشن آف پاکستان کے چیئرمین کی تقرری وفاقی وزیر خزانہ نہیں کرسکتے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ چیئرمین ایس ای سی پاکستان ایم ظفرالحق حجازی وفاقی وزیر خزانہ کے کلاس فیلو رہ چکے ہیں۔عدالت سے استدعاءہے کہ سکیورٹی ایکسچینج کمشن آف پاکستان کی تقرری کو کالعدم قرار دی جائے عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔
چیئر مین سکیورٹی / تقرری کیس

ای پیپر-دی نیشن