توہین آمیز خاکوں کیخلاف قومی اسمبلی میں اقلیتی ممبران کا شدید احتجاج
اسلام آباد (آن لائن) فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر قومی اسمبلی کے اقلیتی ممبران نے شدید احتجاج کیا‘ اقلیتی ممبر ڈاکٹر درشن نے خاکوں کی اشاعت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ہم سب کو دکھ پہنچا۔ اگر ایسے واقعات کا سلسلہ جاری رہا تو ہم ان کا سوشل بائیکاٹ کریں گے اور وہاں کے سفارت خانے کے سامنے احتجاج کریں گے۔ آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں کہ مذہب اور مقدس ہستیوں کی توہین کی جائے۔ پاکستان میں رہائش پذیر تمام اقلیتوں کو اس اقدام سے بے حد دکھ پہنچا اور وہ اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ایسے حساس معاملوں کو اچھالا جاتا ہے تاکہ مسلم دنیا کو اشتعال دلایا جا سکے ۔اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مسلمانوں کو توہین آمیز خاکوں سے تکلیف پہنچی ہے اس طرح دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو بھی دکھ پہنچا ہے اور ہم اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔
اقلیتی رکن/احتجاج