بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری‘ گیس بندش کیخلاف گوجرانوالہ اور میانوالی میں مظاہرے دفاتر کا گھیراﺅ
گوجرانوالہ + خوشاب + میانوالی (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بندستور جاری ہے جبکہ گیس کی بندش کیخلاف گوجرانوالہ اور میانوالی میں صارفین کے مظاہرے، دفاتر کا گھیراﺅ کر لیا بعض شہروں میں کم پریشر پر بھی شہری سراپا احتجاج رہے۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گےس کی بندش اور اووربلنگ کے خلاف خواتےن نے سوئی گےس کے رےجنل آفس کا گھیراﺅ کرکے احتجاج کیا، مشتعل خواتین نے مین گیٹ پر لاٹھےاں برسا تے ہوئے سوئی گےس حکام اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔ معافی والا ، گﺅ شالہ ، شاہین آباد اروپ اور دیگر علاقوں کی رہائشی درجنوں خواتین نے ریجنل سوئی گیس آفس کا گھیراﺅ کرکے آفس کے باہر ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی، خواتین کا کہنا تھا کہ دو ماہ سے ان کے گھروں میں گیس بند ہے اور بار ہا حکام کو مطلع کرنے کے باوجود سوئی گیس کی بحال تو نہ کی گئی لیکن سوئی گیس کے بھاری بل ضرور آ گئے ، خواتین مظاہرین نے دو گھنٹے تک ریجنل سوئی گیس آفس کے باہر قبضہ جمائے رکھا ، بعد ازاں گیس حکام کی جانب سے سوئی گیس کی جلد بحالی کی یقین دہانی کروائی گئی جس پر مظاہرین نے دو دن کا وقت دے کر احتجاج ختم کر دیا ہے، خوشاب سے نامہ نگار کے مطابق خوشاب، جوہر آباد سمیت دیگر نواحی علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے ہو گیا جبکہ دیہی فیڈروں پر یہ دورانیہ 12 گھنٹے اور بعض مقامات پر ہر گھنٹے کے بعد دو گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران شہر کے اسی فیصد علاقوں میں گیس کا پریشر بھی انتہائی کم ہو جاتا ہے جس سے گھروں میں چولہے جلانے میں بھی مشکل ہو رہی ہے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ عوام کی پریشانی کم ہو۔ میانیوالی سے نامہ نگار کے مطابق انجمن تاجران اور تحریک حقوق میانوالی کے صدر ملک فلک شیر اور سماجی ورکر محمد اکرم کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے نئی آبادی محلہ میانہ قادر آباد، ابراہیم آباد، وانڈھی گھنٹہ والی، محلہ یتیم خانہ کے علاقہ میں سوئی گیس کی سپلائی اور پریشر نہ ہونے کے خلاف احتجاجی جلوس نکالا اور سوئی گیس کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا اور محکمہ کے خلاف نعرے لگائے بعدازاں مظاہرین فلک شیر عوامی کی قیادت میں سوئی گیس حکام سے آفس میں ملاقات کی افسران نے مظاہرین کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ پریشر کا مسئلہ حل کریں گے یقین دہانی پر مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔جڑانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق جڑانوالہ اور اسکے گردونواح میں بجلی اور گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا جس کے باعث صبح کے وقت سکولز جانے والے طلباءو طالبات اور دفاتر جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔ بعض علاقوں میں گیس کا پریشر کم اور بعض میں گیس نہ آنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسکے ساتھ جڑانوالہ اور اسکے گردونواح میں بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کے باعث چھوٹے کار خانے بند ہونے سے بیروزگاری میں اضافہ ہوگیا ہے اور گھر یلو صارفین بجلی سمیت پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔شرقپور سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور شریف میں بجلی کی 14 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے کاروبار ٹھپ لوگوں کی زندگیاں اجیرن بن چکی ہیں۔ شہر سمیت گردونواح میں گیس زیرو پوائنٹ پر ہوگئی، پریشر کم ہونے پر خواتین کو کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا دوسری طرف شہری ناشتہ کرنے ہوٹلوں کا رخ کرنے لگے۔
لوڈشیڈنگ