این اے 122 کے معاملے پر پرویز الٰہی کا بیان ”بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ“ کے مترادف ہے: زعیم قادری
لاہور (خبرنگار) ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ این اے 122 میں دوبارہ گنتی کے معاملات کے حوالے سے پرویز الٰہی کا بیان ”بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ“ کے مترادف ہے۔ وہ تین میں ہیں نہ تیرہ میں، اسطرح کے بے بنیاد بیانات انکی گری ہوئی سیاسی ساکھ کو سہارا نہیں دے سکتے۔ چودھری پرویز الٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے زعیم قادری نے کہا کہ عوام نے انتخابات میں (ق) لیگ کو بدترین شکست سے دو چارکر کے دیوار سے لگا دیا لیکن انکی بے بنیاد بیان بازی ابھی تک جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر کا ساتھ دینے والوںکو جمہوریت ہضم نہیں ہورہی اور وہ سازشیں کرکے جمہوریت کو دوبارہ پٹڑی سے اتارنا چاہتے ہیں لیکن انکے عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔