حافظ آباد: نہر سے 3 خودکش جیکٹس برآمد، بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیں
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد کے قریب جھنگ برانچ نہر سے تین خود کش جیکٹیں بر آمد، بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا جبکہ پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ مقامی ذرائع سے سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل سکواڈ کو اطلاع ملی جھنگ برانچ نہر میں بارودی مواد موجود ہے جس پر ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس علی عمران نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر نہر میں آپریشن کیا تو اُنہیں تین خود کش جیکٹیں ملیں۔ ڈی او سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ تینوں خود کش جیکٹوں کو قبضہ میں لیکر اُنہیں ناکارہ بنا دیا گیا ہے تاہم ابھی اس سلسلہ میں مزید آپریشن جاری ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے سربراہ کا کہنا ہے تینوں جیکٹوں کا وزن تیس کلو کے قریب ہے اور اگر خدا نخواستہ یہ جیکٹیں پھٹ جاتیں تو بہت نقصان ہونے کا اندیشہ تھا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شاکر حسین داوڑ ، ڈی ایس پی خدا یار سمیت پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئے ۔اس موقع پر ڈی پی او نے میڈیا کو بتایا تینوں خود کش جیکٹوں کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے علاقہ کو گھیرے میں لیکر آپریشن شروع کر دیا گیا اس سلسلہ میں تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ یہ خود کش جیکٹیں کہاں سے آئی ہیں۔ دوسری جانب پولیس نے کالعدم تنظیم کے متعدد رہنماﺅں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
خودکش جیکٹس