• news

غیر کشمیریوں کی آبادکاری قبول نہیں‘ بھارتی یوم جمہوریہ پر وادی میں مکمل ہڑتال کی جائیگی: حریت قائدین

سرینگر (آن لائن)کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) گروپ کے چیئرمین اور بزرگ کشمیری راہنماء سید علی گیلانی نے 26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریت کے موقع پر مقبوضہ علاقے میں مکمل  ہڑتال کی کال دیدی ہے ۔نئی دہلی سے جاری ایک بیان میںعلی گیلانی نے مزید کہا کہ  بھارت اپنے آپ کو دنیا کی ایک بڑی جمہوریت کے طور پر پیش کر رہا ہے لیکن اسکے دعوے جموں وکشمیر میں بے نقاب ہو چکے ہیں کیونکہ اس نے 68برسوں سے کشمیریوں کے جمہوری حقوق دبا رکھے ہیں۔لہذا وہ یہاں ایسی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا۔ سید علی گیلانی نے کہاکہ  بھارت نے قومی اور عالمی سطح پر کشمیر میں رائے شماری کرانے کا وعدہ کیاتھا لیکن بعد میں  وعدے سے مکر گیا علی گیلانی نے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔علاوہ ازیںمقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمرفاروق نے غیر کشمیری باشندوںکو مستقل شہریت اور ووٹ ڈالنے کا حق دینے کے خلاف مشترکہ مزاحمت کیلئے حمایت حاصل کی غرض سے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ حریت چیئرمین نے چند روز قبل حریت کانفرنس کی ایگزیکٹواورجنرل کونسل اور و ورکنگ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں کہاتھا کہ وہ اس سلسلے میں آزادی پسند جماعتوں ،قانونی ماہرین اور سول سوسائٹی کے اراکین سے مشاورت کے بعد ایک متحد،موثر اور منظم مہم چلائیں گے۔مشترکہ جامع حکمت عملی مرتب کرنے کیلئے دیگر آزادی پسند تنظیموں کے علاوہ سول سوسائٹی اور قانونی ماہرین سے آراء اور تجاویز لینے کیلئے کہاگیا ہے۔حریت چیئرمین نے کہاکہ غیر کشمیریوں کو جموںوکشمیر میں بسانے کا واحد مقصد مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بگاڑ نااور کشمیر ی عوام کو انکے نا قابل تنسیخ حق، حق خودارادیت سے محروم کرنا ہے ۔ہم کسی بھی سازش پر خاموش نہیں رہیں گے ۔ غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میں بسانے کی بھارت کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے تمام آزادی پسندجماعتوں اور کشمیری عوام کو متحد ہونا ہو گا۔ بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی نے ایک بیان میںکہا ہے کہ میر واعظ عمر فاروق کی  تجویز پر تفصیلی غور وخوص کیا جائے گا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اورجموںو کشمیر سالویشن موومٹ کے چیئر مین ظفراکبر بٹ نے کہا کہ کشمیری تحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔ غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے کے مستقل رہائشی حقوق دینے کے بھارتی حکومت کے مذموم اقدام کے خطرناک نتائج نکلیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن