سرچ آپریشن جاری، کالعدم تنظیموں کے 6کارکنوں سمیت 59افراد گرفتار
لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ ایجنسیاں) پولیس نے مشتبہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رکھا اور کریک ڈاﺅن کے دوران کالعدم تنظیموں کے 6 کارکنوں سمیت مزید 59 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آن لائن کے مطابق ایک کالعدم تنظیم کے سانگلہ ہل کے صدر مقصود معاویہ اور شاہ کوٹ کے صدر مولانا سعید انور کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا ہے۔ صباح نےوز کے مطابق اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کی ٹیموں نے سیکٹر آئی الیون فور، کچی آ بادی، زیر تعمیر پلازوں، عمارتوں اور گردونواح میں سرچ آپریشن کے دوران ان مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق مذہبی منافرت پر مبنی پمفلٹ تقسےم کرنے کے الزام میں ایک کالعدم تنظیم کے چار افراد کو گرفتار کرکے دہشت گردی اےکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے فورتھ شیڈول کیٹیگری کے افراد کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ فورتھ شیڈول افراد کے دو ضمانتیوں کو گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا گیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق اہلسنت و الجماعت کے ضلعی صدر حافظ اویس، نائب ضلعی صدر قاری عبدالحنان فاروقی اور تحصیل صدر ٹوبہ ٹیک سنگھ مولانا عرفان جھنگوی کو 30 دن کیلئے نظربند کر دیا گیا ہے انہیں ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دیا گیا ہے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران اہل سنت و الجماعت کے رہنما قاری محمد قاسم کو گرفتار کر لیا گیا۔ شیخوپورہ سے ہمارے نامہ نگار خصوصی کے مطابق پولیس نے مزید تین علمائے کرام کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے الزام میں دہشت گردی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا ہے، محلہ صدیق اکبر کی جامع مسجد عائشہ صدیقہ کے خطیب قاری محمد الیاس، جامع مسجد قاسمیہ مانانوالہ کے خطیب مولانا عبدالعلیم اور محلہ قادر آباد کی جامع مسجد کے خطیب مولوی ریاض وٹو شامل ہیں۔ پولیس کے ذرائع کے مطابق انہیں اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 8/9کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
59افراد گرفتار