• news

این اے 118: گمشدہ پولنگ بیگز نہ ملنے پر ضلعی خزانہ افسر کو گرفتار کرنیکا حکم

لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) پنجاب اسمبلی کے لاہور کے حلقہ پی پی 160میں دھاندلی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک سیف الملوک کھوکھر کو کامیاب کرانے کےلئے بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کا انکشاف‘ تحقیقات کرنے والے کمشن نے کل ڈالے گئے ووٹوں میں سے 25ہزار ووٹوں کو بوگس قرار دیدیا، رپورٹ (کل) پیر کو ٹربیونل میں پیش ہوگی۔ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ان کے مخالف امیدوار ظہیر عباس کھوکھر نے ان پر دھاندلی کے الزامات لگا کر انتخابی نتائج کو چیلنج کیا تھا۔ دریں اثناءاین اے122کی کیس کی سماعت الیکشن ٹربیونل نے 24جنوری تک ملتوی کر دی۔ تحقیقاتی کمشن کے جس جج نے رپورٹ کرنا تھی وہ نہیں پہنچ سکے۔ ایاز صادق کے وکیل نے کہا کہ تحقیقاتی کمشن کے جج اپنی مصروفیات کے باعث ٹربیونل میں پیش نہیں ہو سکے۔ ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک نے ابھی فیصلہ سنانا ہے لیکن عمران خان اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔ پولنگ بیگز سے گمشدہ فارم14اور 15مل گئے ہیں۔ فاضل ٹربیونل آئندہ پیشی پر مذکورہ حلقے کے پولنگ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرنے والے کمشن کا بیان قلمبند کریگا جبکہ فریقین کو حتمی بحث کیلئے بلا لیا گیا۔ علاوہ ازیں الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118سے متعلقہ دھاندلی کیس کی سماعت بھی 24جنوری تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز ٹربیونل نے حلقے کے 99گمشدہ پولنگ بیگز پیش نہ کرنے پر متعلقہ ضلعی خزانہ افسر کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ ٹربیونل نے چیف سیکرٹری کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر مذکورہ افسر کو گرفتار کرکے ٹربیونل کے روبرو پیش کریں۔
دھاندلی کیس

ای پیپر-دی نیشن