گلگت بلتستان میں نگران کابینہ‘ الیکشن کمشن پری پول دھاندلی ہے: شجاعت‘ پرویز الٰہی
لاہور (خبر نگار+ سپیشل رپورٹر) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی سے مجلس وحدت المسلمین کے وفد نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں سیاسی شعبہ کے سربراہ سید ناصر عباس شیرازی اور ارکان کور کمیٹی اسد عباس نقوی اور محمد علی شامل تھے۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا اور نیا انتخابی اتحاد تشکیل دینے کے بارے میں بھی نہایت خوشگوار ماحول میں بات چیت کی گئی۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے یکساں سوچ رکھنے والی جماعتوں کو مشترکہ جدوجہد کرنا پڑیگی۔ دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے گلگت بلتستان کے موجودہ الیکشن کمشن اور نگران کابینہ کو مسترد کر دیا اور اسے پری پول رگنگ کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس کے خلاف عوامی تحریک چلانے پر بھی غور کیا۔ ملاقات میں ق لیگ کے سینئر نائب صدر بشارت راجہ، مرزا حسین صوبائی صدر اور نائب صدر ویمن ونگ آمنہ انصاری بھی موجود تھیں۔