مقبوضہ کشمیر: جھڑپ میں5 افراد کی شہادت کے خلاف ہڑتال اور مظاہرے: یاسین ملک ساتھیوں سمیت گرفتار
سرینگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر میں بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے پانچ افراد کی شہادت کے خلاف کئی علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی۔ جبکہ بھارتی فوج نے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق شوپیاں، بڈگام، پلوامہ اور بج بہاڑہ کے متعدد علاقوں میں بھارتی فوج نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور شیلنگ کی۔ جھڑپوں کے دوران مشتعل ہجوم نے ایک گاڑی پر زبردست پتھرائو کرکے اس کے شیشے توڑ دئیے۔ بعض مقامات پر خواتین سینہ کوبی کرتے ہوئے نظر آئیں۔ جنگجوئوں کی ہلاکت کے سلسلے میں شوپیاں، پلوامہ، بڈگام اور بجبہاڑہ کے کئی علاقوں میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ کیلر کے علاوہ مول چترام گام، ہف شرمال، ترنج اور ملحقہ علاقہ جات کے ساتھ ساتھ پلوامہ کے اگلر، دربہ گام، بٹہ مرن، شادی مرگ، بڈگام کے پکھر پورہ، موہن پورہ، کنہ دجن اور بجبہاڑہ کے آرونی و ملحقہ علاقوں میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے مکمل طور پر بند رہے اور گاڑیاں سڑکوں سے غائب رہیں جس کے باعث بازاروں میں سناٹا چھایا رہا۔ پانچوں افراد کو شوپیاں میں ایک جھڑپ کے دوران شہید کیا گیا تھا۔