اقتدار میں آ کر علیحدہ سرائیکی صوبہ بنائیں گے: یوسف رضا
ملتان (سپیشل رپورٹر) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی مفاد اور خصوصاً گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے اور فرانس سے شدید احتجاج کیا جائے، پارٹی کو منظم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز لائرز فورم کے سینئر وکلاء اور پارٹی رہنماؤں خواجہ نور مصطفی‘ ناصر حیدری‘ مس فیروزہ فیض‘ خواجہ رضوان عالم‘ ڈاکٹر جاوید صدیقی‘ نفیس انصاری‘ رانا جاوید اختر‘ منظور قادر قادری اور شہناز لودھی سے کی گئی ملاقات میں کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے عملی طور پر اقدامات کئے، آئندہ اقتدار میں آ کر علیحدہ سرائیکی صوبہ دیں گے۔ انہوں نے کہا آنے والے وقتوں میں قربانیاں دینے والے نظریاتی کارکنوں کو ٹکٹیں دیں گے اور سرائیکی خطہ کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے اب بھی اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی ملتان سٹی کا اہم اجلاس زیر صدارت ایم سلیم راجہ گیلانی ہاؤس منعقد ہوا۔ اجلاس کے مہمان خصوصی یوسف رضا گیلانی تھے۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی کو ایک منظم قوت بنایا جائے گا، ملتان شہر کو ماڈل سٹی بنائیں گے، اس طرح پورے جنوبی پنجاب میں پارٹی کو مضبوط اور فعال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ پیپلز پارٹی کو منظم اور مضبوط کرنے کے لئے خود جاؤں گا اور نگرانی کروں گا۔ پارٹی کارکن کو عزت کا مقام دیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید صدیقی‘ خواجہ رضوان عالم‘ ایم سلیم راجہ اور زون کے صدورز نے بھی خطاب کیا۔