• news

دھرنے سے دھرنا کنونشن تک کا سفر جھوٹ کی شکست ہے: پرویز رشید

اسلام آباد + لاہور (آئی این پی/ خبرنگار / نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ دھرنے سے دھرنا کنونشن تک کا سفر جھوٹ کی شکست ہے، یہ وقت جھوٹ بولنے اور سیاست چمکانے کا نہیں، دہشت گردی کے خلاف کچھ کر دکھانے کا ہے۔ چاروں حلقے کھل چکے اور ہر حلقے میں عمران خان کو خفت کا سامنا کرنا پڑا، خان صاحب جواب دیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کے پی کے میں کس کارکردگی کا مظاہرہ کیا؟ دریں اثناء وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بے بنیاد پروپیگنڈے نے عمران خان کی سیاست کو نقصان پہنچایا۔ سیاستدانوں کو جیل بھیجنے کی بات عمران خان کی ناپختگی کا کھلا ثبوت ہے۔ خیبر پی کے میں ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ بار بار کہا کہ تحریک انصاف خیبر پی کے کی بہتری پر زور لگائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خیبر پی کے پر توجہ دینے کا اعلان ہمارے موقف کی جیت ہے۔ سید زعیم حسین قادری نے تحریک انصاف کے کنونشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ درحقیقت عمران خان انتشار پھیلا کر ضرب عضب پر کاری ضرب لگانا چاہتے ہیں۔ انہیں دھاندلی کا رونا رونے کی بجائے ثبوت پیش کرنا چاہئیں۔ موجودہ ملکی حالات سیاسی پختگی اور قومی یکجہتی کے متقاضی ہیں۔ عمران خان انتشار پھیلانے سے باز رہیں۔ اس کنونشن میں کوئی نئی بات نہیں کی۔ انہیں بتانا چاہیے کہ وہ پرانے الزامات دہرا کر کونسی خدمت کر رہے ہیں۔ سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ مناسب ہوتا اگر عمران خان عوام کو گمراہ کرنے سے پہلے خیبر پی کے کے معاملات کا جائزہ لے لیتے۔ انہوں نے ڈیڑھ برس کے بعد صوبہ میں اصلاحات کا اعلان کیا۔ زعیم قادری نے کہا کہ رانا ثناء سینئر پارلیمینٹیرین اور مقتدر سیاسی کارکن ہیں۔ عمران خان اپنی بڑھکوں کے ذریعے کس کو ڈرا رہے ہیں؟ این اے 122کی دوبارہ گنتی کے بعد نتائج عوام کے سامنے ہیں جہاں عمران خان نے ایک مرتبہ پھر دروغ گوئی سے کام لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن