اب سارا زور خیبر پی کے میں حکومتی کارکردگی بہتر بنانے پر لگاﺅں گا، جوڈیشل کمشن نہ بنا تو پورا پاکستان بند کر سکتے ہیں: عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک مرتبہ پھر وزیر اعظم محمد نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر نواز شریف نے جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا تو تحریک انصاف پورے پاکستان کو بند کرنے کی طاقت رکھتی ہے‘ تحریک انصاف لوگوں کو مشکلات میں ڈالنا چاہتی ہے نہ ہی قوم کو تقسیم کرنا چاہتی ہے کیونکہ ہم دہشت گردی کے خلاف حکومت کو جنگ میں جیتتا دیکھنا چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن نے فیصل آباد میں تحریک انصاف کے شہید کارکن حق نواز کے قاتلوں کو ابھی تک نہیں پکڑا اور اس کے قتل کا ذمہ دار براہ راست رانا ثناءاﷲ ہے، رانا ثناءاﷲ کو برا ہ راست کہتا ہوں تم 2015 ءمیں ہی حق نواز کے قتل کے سلسلے میں جیل جاﺅ گے،ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں اس وقت تک امن نہیں آسکتا جب تک قبائلیوں کو ساتھ نہ ملایا جائے‘ اب دھرنا ختم کر لینے کے بعد سارا زور صوبہ خیبر پی کے کی ترقی پر دوں گا‘ خیبر پی کے دیگر صوبوں سے مختلف ہوگا،صوبہ میں ہسپتالوں کا قانون ڈیڑھ سال بعد پاس کیا ہے ،عمران خان نے جہلم میں مسلح افراد کی فائرنگ سے معذور ہونے والے نعمان جاوید کا بہترین علاج کروانے کی بھی یقین دہانی کروائی اور 126 دن تک دھرنوں میں خواتین سمیت صحافیوں اور کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اب صحافیوں کے حقوق کیلئے بھی آواز اٹھائے گی۔ اسلام آباد میں دھرنا ورکر ز کونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران نے کہا پشاور سانحہ اتنا مشکل تھا کہ دھرنے کو ختم کرنا پڑا۔ 16 دسمبرکو جب ہسپتال پہنچا تو وہاں پر بچوں کی حالت دیکھ کر دماغ نے کام کرنا چھوڑ دیا جس کے بعد فوری فیصلہ کیا کہ دھرنا ختم کرکے حکومت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کھڑا ہواجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبائی حکومت سے بھی کہا ہے کہ وہ آج پشاور آرمی سکول میں شہید ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کریں اور تحریک انصاف کی سینیئر قیادت بھی ان دکھی والدین سے ملاقات کرے گی تاکہ ان کے دکھوں کو کم کیا جاسکے لیکن دھرنا ختم کرنے پر کسی کو یہ خیال نہیں ہونا چاہیے کہ تحریک انصاف چودہ اگست کو جس مقصد کیلئے نکلی تھی اس سے وہ پیچھے ہٹ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ءکے الیکشن کی دھاندلی کا اس وقت تک پتہ نہیں چل سکے گا جب تک دھاندلی کرنے والوں کے خلاف تحقیقات نہیں ہوں گی۔ عمران خان نے کہا کہ این اے 122 ڈیڑھ سال بعد کھلا کیونکہ ایاز صادق ڈیڑھ سال حکم امتناعی کے پیچھے چھپے رہے اور جب این اے 122 پر کمیشن کی رپورٹ آئی تو اس میں چونتیس ہزار ووٹ بوگس نکلے جس سے ثابت ہوا کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی 2013ءکے الیکشن میں ہوئی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت اس وقت آئے گی جب عوام کے منتخب کئے ہوئے نمائندے اقتدار میں آئیں گے کیونکہ یہاں پر ووٹ عوام کسی کو دیتی ہے اور اقتدار میں کوئی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نیا پاکستان بنائے گی جس میں لوگوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں گے اور ہر کسی کے ساتھ انصاف ہوگا اور عوام کے پیسے کو میٹرو کی بجائے انسانوں پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے بیوروکریسی پولیس اور ڈی ایم جی میں بھی مسلم لیگ ن بنالی ہے۔ نواز شریف نے پیٹرول ختم کرکے ملک کو بند کردیا۔ یہ وہی نواز شریف ہے جس نے 2013 ءکے انتخابات کے دوران کہا تھا کہ وہ اگر اقتدار میں آئے تو تجربہ کار ٹیم لائیں گے لیکن وہ نااہل لوگوں کو اداروں میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان بدل گیا ہے کیونکہ جب پشاور میں آرمی پبلک سکول میں دورے کیلئے گیا تو وہاں پر کچھ لوگوں نے باہر احتجاج کیا لیکن سکول کے اندر بچوں نے تحریک انصاف زندہ باد کے نعرے لگائے۔ عمران خان نے کہا کہ اب دھرنا ختم ہونے کے بعد سارا زور اور توجہ خیبر پی کے حکومت کی ترقی پر لگاﺅں گا اور صوبہ خیبر پی کے کو دوسرے صوبوں سے مختلف بناﺅں گا۔ عمران خان نے صوبہ خیبر پی کے میں شہروں کی صفائی ‘ پینے کے صاف پانی اور ماحولیات کو صاف کرنے کیلئے ایک ارب درخت لگانے کے منصوبے بھی بتائے جو کہ اگلے ماہ سے شروع ہوجائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پی کے میں ہسپتالوں کا نظام بھی تبدیل کردیا ہے اور ڈیڑھ سال بعد یہ قانون پاس ہوا کہ اب ہسپتال بھی خودمختار ہوں گے اور وہاں پر ایک بجے کے بعد بھی ڈاکٹر موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا اصل تبدیلی بلدیاتی نظام پر آئیگی۔ تحریک انصاف تو بلدیاتی نظام کیلئے تیار ہے لیکن الیکشن کمشن اس کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں میں ہمیں فصلی بٹیروں اور برے وقت کے ساتھیوں کا بھی پتہ چلا۔ عمران نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی چاہتے ہیں، حکومت کے راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں بنیں گے، جوڈیشل کمشن نہ بنا تو کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ ہم پاکستان کا ہر شہر بند کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے اس اعلان پر عملدرآمد سے پہلے حکومت نے خود پٹرول کے بحران سے پورا ملک بند کردیا، تبدیلی پورے ملک میں نہیں میرے اپنے گھر میں بھی آگئی ہے، دھاندلی کے پیچھے کون ہیں، بے نقاب ضرور کریں گے، ہسپتالوں، تعلیم، ترقی کے کاموں پر پیسہ خرچ کیا جائیگا۔ خیبر پی کے میں کسی بھی سیاسی مخالف پر سیاسی مقدمہ درج نہیں ہے لیکن میرے اور شاہ محمود سمیت پنجاب میں خلاف مقدمے درج ہیں، دیہی سطح تک ترقیاتی کاموں کےلئے فنڈز دیئے جائیں لیکن ایم پی اے کو فنڈ نہیں دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں پاکستان کا کوئی شہر بھی بند کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جماعت کی رکن سازی مہم کو تیز کریں ہم نے اس جماعت میں جمہوریت لانی ہے اور آگے لیکر چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خاتمے کےلئے حکومت کےلئے مشکلات پیدا نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں دوبارہ انتخابات کرائیں گے۔ دھرنے کی وجہ سے پاکستان تبدیل ہو گیا۔ جوڈیشل کمشن نہ بنا اور انصاف نہ ملا توپاکستان میں ہر شہر بند کرسکتے ہیں۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 2013ءکے انتخابات میں دھاندلی ہوئی، اس میں کسی کو کوئی شک نہیں، دھاندلی کی تحقیقات کے لئے حکومت کی جانب سے مذاکرات کرنے والے اسحاق ڈار کی نیت پر کل بھی شک تھا اور آج بھی ہے، ہماری منزل جوڈیشل کمشن یا نئی حکومت نہیں ، نئے پاکستان کا قیام ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیداحمد نے کہا ہے کہ نوازشریف اور ملک اکٹھے نہیں چل سکتے، جوڈیشل کمشن کے قیام میں حکومت کو اپنی موت نظر آ تی ہے، پٹرول کی قلت پر 4 افسران کو معطل کردیا، برطرف اصل ذمہ دار وزیر شاہد خاقان عباسی کو کرنا چاہئے تھا، ملک بچانے کےلئے دھرنا ہو گا، مرنا ہوگا، قوم کو نکلنا ہوگا، ملک کو صرف عمران خان ہی بچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے کسی رکن کو ڈی سیٹ کرنے کی کوشش کی گئی تو اسکی زد میں وزیراعظم نوازشریف بھی آسکتے ہیں کیونکہ وہ بھی 48روز تک قومی اسمبلی سے غیرحاضر رہے ہیں۔ ”ٹویٹر“ پر اپنے ٹویٹس میں عمران خان نے لکھا کہ شوکت خانم ہسپتال پشاور کیلئے 65 کروڑ روپے اکٹھے ہوچکے ہیں۔ 25 سال قبل شوکت خانم ہسپتال لاہور کیلئے ایک کروڑ روپے اکٹھے کرنے میں 18 ماہ لگے تھے جبکہ منصوبے پر 70 کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے۔ دریں اثنا چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس (آج) پیر کو بنی گالہ میں ہوگا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے نئے آئین کی منظوری دی جائیگی۔ عمران خان اپنی اہلیہ ریحام خان کے ساتھ کل عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ عمران خان عمرہ ادائیگی کے بعد روضہ رسول پر حاضری کےلئے مدینہ منورہ بھی جائیں گے۔ جدہ ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں وہ پاکستانیوں سے ملاقاتیں کریں گے ۔ عمران خان کو عمرہ ادائیگی کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے شوکت خانم ہسپتال پشاور کےلئے بھاری عطیات بھی دیئے جائیں گے۔
عمران خان