• news

تشدد کے الزامات، ریحام معافی مانگیں، سابق شوہر ڈاکٹر رحمن نے قانونی نوٹس بھجوا دیا

لندن(این این آئی) عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز رحمان نے تشدد اور سختی کرنے کے الزامات پر اپنی سابقہ اہلیہ سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ نجی ٹی وی نے برطانوی اخبار کے حوالے سے بتایا کہ ڈاکٹر اعجاز رحمان کا کہنا ہے کہ ریحام کی جانب سے دوسری شادی کے بعد مجھ پر گھریلو تشدد اور ازدواجی رشتے کے دوران سختی کرنے کے الزمات عائد کرنا دراصل میرے کردار اور شخصیت کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ ایسا کرنے پر ریحام خان ایک ہفتے کے اندر اندر سب کے سامنے مجھ سے معافی مانگیں۔ ریحام خان جانتی ہیں کہ انہوں نے جو کچھ کہا وہ سچ نہیں، میں الزامات کا جواب دے کر کسی پر کیچڑ نہیں اچھالنا چاہتا لیکن اگر ریحام نے سچائی بیان نہ کی تو اپنا دفاع ضرور کروں گا۔ میں نے ریحام اور اپنے بچوں کا ہمیشہ خیال رکھا، شادی کے بعد ریحام خان نے الزامات محض اس لئے لگائے تاکہ وہ اپنے مخالفین کی ہمدردی حاصل کرسکیں۔آئی این پی کے مطابق ڈاکٹر رحمان نے ریحام خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق ڈاکٹر رحمان کی جانب سے بجھوائے جانے والے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریحام کی جانب سے دوسری شادی کے بعد انٹرویو کے دوران اس طرح کے الزامات عائد کرنا میرے کردار اور شخصیت کو بدنام کرنے کی سازش ہے لہٰذا ایسا کرنے پر ریحام سب کے سامنے مجھ سے معافی مانگیں۔ ریحام نے یہ الزامات محض اس لئے لگائے تاکہ وہ ہمدردی حاصل کرسکیں۔

ای پیپر-دی نیشن