• news

گستاخانہ خاکوں کے خلاف مظاہرے جاری، لاہور میں جماعتہ الدعوۃ کا مارچ

لاہور+ فیصل آباد (خصوصی نامہ نگار + نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) گستاخانہ خاکوں کیخلاف گزشتہ روز بھی لاہور، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور میں جماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام ناصرباغ سے مسجد شہداء مال روڈ تک حرمت رسول مارچ کیا گیا جس میں لاہور اور اسکے گردونواح سے سکولز، کالجز،یونیورسٹیز کے ہزاروں طلباء سمیت وکلاء تاجروں، سول سوسائٹی اور تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے۔ جماعۃ الدعوۃ کے مقامی ذمہ داران موٹر سائیکلوں، کاروں، بسوں اور ویگنوں پر کارکنوں کو لیکر قافلوں کی شکل میں ناصر باغ پہنچتے رہے۔ مارچ کی قیادت جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیرحمزہ، مولانا سیف اللہ خالد، مولانا نصر جاوید، مولانا ابوالہاشم، محمد یحییٰ مجاہد، حافظ طلحہ سعید، حافظ خالد ولید، مولانا ادریس فاروقی و دیگر نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید،پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، علامہ زبیر احمد ظہیر، حافظ عبدالغفارروپڑی،شیخ نعیم بادشاہ ، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر،سید ضیا ء اللہ شاہ بخاری ، مولانا امیر حمزہ، مولانا عبدالمالک، مرزا محمد ایوب بیگ اور دیگرمذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور علماء نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی مذمت کرتے ہیں، حکمران او آئی سی کا اجلاس بلائیں۔ اس موقع پر حافظ محمد سعید نے23جنوری جمعہ کو پانچوں صوبوں وآزاد کشمیر میں حرمت رسول مارچ، جلسوں، ریلیوں اور کانفرنسوں کے انعقاد اور 2 جنوری اتوار کو کراچی میں بڑا حرمت رسول مارچ کا اعلان بھی کیا، مارچ کے موقع پر سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ حکمران امریکہ کے سامنے جھکنے کی بجائے اپنے قدموں پر کھڑے ہوں۔ اس موقع پر دیگر قائدین عبدالرحمن مکی، علامہ زبیر احمد ظہیر، عبدالغفار روپڑی، ابتسام الٰہی ظہیر، مولانا امیر حمزہ اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت یونٹ راوی روڈ کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مختلف قسم کے بینرز، کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مزید براں جمعیت علماء اسلام (س) کے زیر اہتمام شملہ پہاڑی چوک میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ کراچی میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق صدر پریس کلب شہباز احمد خان، سلطان حمید راہی، عبدالحمید بھٹی اور شہزاد ورک کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جو پریس کلب سے شروع ہوکر خادم حسین روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی۔ پتوکی سے نامہ نگار کے مطابق اہل سنت و الجماعت کے زیر اہتمام جامعہ مسجد مینار رضا سے ایک بہت بڑی ریلی نکالی گئی جو مختلف راستوں ریل بازار کچہری چوک سے ہوتی ہوئی ھلہ چوک میں پہنچی۔ ریلی میں علامہ اشرف سعیدی، علامہ محمود کوکب اور لوگوں کی بڑی تعداد سمیت تاجر برادری نے شرکت کی۔ صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق صفدر آباد میں جماعت اسلامی اور مرکزی انجمن تاجران کے زیر اہتمام مذمتی ریلی نکالی گئی۔ علاوہ ازیں فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ، اوکاڑہ اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن